نیشنل بینک کو 37 ویں ایف پی سی سی آئی ایکسپورٹ ٹرافی ایواڈز کی تقریب میں سماجی شعبے میں بہترین خدمات سرانجام دینے پر گولڈ میڈل سے نوازاگیا

پیر 10 فروری 2014 16:14

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10فروری 2014ء)نیشنل بینک آف پاکستان کو 37 ویں ایف پی سی سی آئی ایکسپورٹ ٹرافی ایواڈز کی تقریب میں ملک میں سماجی شعبے میں بہترین خدمات سرانجام دینے پر گولڈ میڈل دیا گیا۔جمعہ کو لاہور کے مقامی ہوٹل میں ہونے والی اس تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم نواز شریف تھے۔ بینک کی جانب سے بینک چیف ایگزیکٹو آفیسر اور صدر سید احمد اقبال اشرف نے وزیر اعظم سے یہ گولڈ میڈل وصول کیا۔

یہ ایوارڈ نیشنل بینک کو ملک کے سماجی، تعلیمی اور عوامی بہبود کے شعبوں میں بہترین خدمات سرانجام دینے پر دیا گیا۔ 2013میں نیشنل بینک نے مذکورہ شعبہ جات میں تقریبا بارہ کروڑ روپے کی مالی مدد مہیا کی۔نیشنل بینک نے یہ مالی مدد میری ایڈیلیڈ لیپروسی سینٹر کے زنانہ وارڈ، ایس آئی یوٹی سکھر میں ضرورت مند مریضوں کو مفت علاج کی سہولت مہیا کرنے، نور محمد میموریل اسپتال چکوال میں لیبارٹری اور ایکس رے کی سہولت مہیا کرنے اور ملک بھر میں دیگر اسپتالوں میں ضروری آلات و ادویہ کی فراہمی پر خرچ کیے۔

(جاری ہے)

جبکہ تعلیمی شعبے میں بھی ملک بھر میں دور دراز علاقوں میں اسکولوں کی مرمت اور ان میں ضروری فرنیچر و آلات کی فراہمی کے علاوہ نوابشاہ میں سٹیزن فاوٴنڈیشن اسکول کو گود میں لینے کے ذریعے تعلیم کی فروغ کے لیے خدمات سرانجام دی گئیں۔اس کے علاوہ نیشنل بینک نے کمیونٹی ڈیولپمنٹ، قدرتی آفات میں امدادی سرگرمیوں، خواتین کی بہبود، انفراسٹرکچر کے فروغ، ماحولیات، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کے نظام کی بہتری اور خصوصی افراد کی امداد کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے۔

نیشنل بینک کی جانب سے ان خدمات کا نہ صرف وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان نے اعتراف کیا بلکہ اسے ملکی و غیرملکی سطح پر دیگر اداروں نے بھی سراہا ہے۔ان ایوارڈز میں2013 کا ایشین بینکنگ اور فنانس ایوارڈ، 2013 کا ڈومیسٹک ریٹیل بینک کا ایوارڈ اور ایشین بینکنگ اینڈ فنانس سنگاپور کی جانب سے پاکستان ڈومیسٹک ٹیکنالوجی اینڈ آپریشن بینک کا ایوارڈ برائے 2013 شامل ہے۔

برطانیہ کے دی بینکر میگزین نے دنیا کے ایک ہزار بہترین بینکوں کی ریٹنگ لسٹ جاری کی تھی۔ اس فہرست میں نیشنل بینک کو پاکستان کا بہترین بینک قرار دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ملکی سطح پر نیشنل بینک وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کی جانب سے سال 2012اور 2013 کے لیے ایوارڈ دیے گئے، ایوان صنعت و تجارت کراچی کی جانب سے 2013میں بہترین بینک اور مینجمنٹ ایسوسی ایشن پاکستان کی جانب سے 2013کے لیے بہترین بینک قرار دیا۔