ٹریفک میں مزیدبہتری اور وارڈنز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے ڈویژنل افسران اور ڈی ایس پیز صاحبان کا اجلاس

پیر 10 فروری 2014 13:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10فروری 2014ء) چیف ٹریفک آفیسر لاہور سہیل چوہدری نے دوران سفر شہریوں کی بر وقت مدد ،منظم ٹریفک ، ٹریفک وارڈنز کی کارکردگی ، ٹریفک دفاتر کی سکیورٹی اور ٹریفک کو درپیش مسائل اور ان کے ممکنہ حل کے حوالے سے سینئر ٹریفک افسران کے اجلاس کی صدارت کی ۔ جس میں سگنل فری تعمیراتی فلائی اوور منصوبہ ٹمبر مارکیٹ راوی روڈ تا چوک ٹیکسالی و مولانا احمد علی روڈ، سگنل فری جنکشنز برائے قینچی چونگی،غازی روڈ اور خیرہ( چونگی امرسدھو) فیروز پور روڈ، مال روڈ،جیل روڈ،مین بلیوارڈ اورکینال روڈ سمیت شہر کے رش آور علاقوں میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے سفارشات پر غور کیا گیا ۔

انہوں نے سرکل افسران کو ہدایت کی کہ کسی بھی ناگہانی صورت،جلسے جلوس،ریلی اور دیگر روڈ پرابلم ہو نے پر فوراََ ڈائیورشن پلان ترتیب دیتے ہوئے ٹریفک کو متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی کوئی دشواری نہ ہو۔

(جاری ہے)

ایسی صورت میں سرکل افسران موقعہ پر پہنچ کر ٹریفک وارڈنز کو ضروری ہدایت دیں۔ سرکل افسران متعلقہ محکموں سے مل کر رانگ پارکنگ اور تجاوزات کو ختم کرائیں،دوران ڈیوٹی بریفنگ اور ڈی بریفینگ کے عمل کو اپنایا جائے۔

پٹرولنگ نظام کو مزید بہتر بنایا جائے اور بیٹ افسران کو تنبیہ کریں کہ وہ موونگ وائیلشنز کیخلاف بھر پور کاروائی کریں۔سرکل افسران اپنی نگرانی میں تیزرفتاری،موٹر سائیکل پر کر تب دکھانے والوں،گرین نمبر پلیٹس کا غیر قانونی استعمال،ناجائز پارکنگ اسٹینڈز،تجاوزات اور ٹریفک کے بہاو میں خلل ڈالنے والوں کیخلاف سخت کاروائی کی جائے۔