نویں آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کا آغاز 14 فروری سے یو اے ای میں ہوگا

پیر 10 فروری 2014 13:22

دبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10فروری 2014ء) نویں آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کا آغاز رواں ہفتے سے متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) میں ہوگا، آسٹریلیا اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا، پاکستانی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 15 فروری کو روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق میگا ایونٹ میں دنیا بھر سے 16 ممالک کی یوتھ ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے مدمقابل ہوں گی۔

ان ٹیموں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں پاکستان، بھارت، سکاٹ لینڈ اور پاپوا نیو گنی، گروپ بی میں افغانستان، بنگلہ دیش، آسٹریلیا اور نمیبیا، گروپ سی میں متحدہ عرب امارات، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز جبکہ گروپ ڈی میں نیوزی لینڈ، سری لنکا، کینیڈا اور زمبابوے کی انڈر 19 ٹیمیں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اب تک ہونے والے ورلڈ کپ مقابلوں میں آسٹریلیا کو سب سے زیادہ تین مرتبہ چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل ہے، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دو، دو بار عالمی کپ جیتنے میں کامیاب ہوئیں جبکہ انگلینڈ نے ایک بار فتح حاصل کی۔

ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل ہر ٹیم دو دو وارم اپ میچ کھیلے گی، پاکستانی ٹیم اپنا پہلا وارم اپ میچ 10 فروری کو متحدہ عرب امارات جبکہ دوسرا 12 فروری کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔ ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز 14 فروری سے ہوگا۔ 19 فروری تک جاری رہنے والے گروپ سٹیج میں ہر ٹیم تین تین میچ کھیلے گی، پاکستان اپنا پہلا میچ 15 فروری کو روایتی حریف بھارت کے خلاف دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گا۔

قومی ٹیم اپنا دوسرا گروپ میچ 16 فروری کو پاپوا نیو گنی کے خلاف آئی سی سی اکیڈمی، دبئی جبکہ تیسرا اور آخری گروپ میچ 19 فروری کو سکاٹ لینڈ کے خلاف آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ نمبر ٹو، دبئی میں کھیلے گی۔ ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی، ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل مقابلے 22 اور 23 فروری کو کھیلے جائیں گے۔ میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 24 فروری اور دوسرا 26 فروری کو کھیلا جائے گا جبکہ چیمپئن کا فیصلہ یکم مارچ کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم ہوگا۔

متعلقہ عنوان :