لاہور،بادامی باغ میں خاوند نے گھریلو جھگڑے پر بیوی ، بیٹے، سالے اور سالی پر تیزاب پھینک دیا ،وزیر اعلیٰ نے نوٹس لے لیا،ناصر کی چار سال قبل سکینہ سے شادی ہوئی ،نشے کا عادی اور مارپیٹ کے باعث سکینہ ناراض ہو کر ماں باپ کے گھر آئی ہوئی تھی

اتوار 9 فروری 2014 22:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 فروری ۔2014ء) بادامی باغ کے علاقے میں خاوند نے گھریلو جھگڑے پر بیوی ، بیٹے، سالے اور سالی پر تیزاب پھینک دیا جنہیں طبی امداد کے لئے میو ہسپتال داخل کرا دیا گیا ، وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ۔ بتایا گیا ہے کہ بادامی باغ کے ناصر کی چار سال قبل سکینہ سے شادی ہوئی تھی ۔ سکینہ کے گھر والوں کے مطابق ناصر نشے کا عادی ہے اور اسی وجہ سے اپنے اہلیہ سے مار پیٹ کرتا تھا ۔

کچھ ر وز قبل سکینہ ناراض ہو کر میکے آ گئی اور اتوار کے روز ناصر اپنے سسرال کے گھر آیا اور تیزاب سے بھرا برتن سکینہ پر پھینک دیا جس سے قریب موجود اس کا بیٹا ابراہیم ، سالہ اور سالی بھی جھلس گئے جبکہ ملزم موقع سے فرا رہو گیا ۔زخمیوں کو طبی امداد کے لئے فوری طور پر ہسپتال پہنچا دیا گیا ۔

(جاری ہے)

اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری بھی ہسپتال پہنچ گئی جنہوں نے زخمیوں کے بیانات قلمبند کر لئے ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ہدایت کی ہے کہ ملزم کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے ہسپتال کا دورہ کر کے زخمیوں کی عیادت کی اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ ملزم کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :