سوئی کے علاقے ڈوڈا ٹبہ اورمسوانی گوٹھ پر بی آر اے کے شرپسندوں کا حملہ،حملے میں تین خواتین،دو مرد اور دوبچے شہید، امن فورس کا ایک شخص زخمی،ایف سی کی بروقت جوابی کارروائی سے چھ فراری ہلاک ہوگئے، ترجمان ایف سی

اتوار 9 فروری 2014 20:08

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 فروری ۔2014ء) سوئی کے علاقے ڈوڈا ٹبہ اورمسوانی گوٹھ پر بی آر اے کے شرپسندوں کا حملہ،حملے میں معصوم اوربے گناہ خواتین ،مرد اور بچے شہید، جبکہ امن فورس کا ایک شخص زخمی۔ ایف سی کی بروقت جوابی کارروائی سے بی آر اے کے چھ شرپسند ہلاک ۔ تفصیلات کے مطابق آج علی الصبح ایک بجکرتیس منٹ پربی آر اے کے شرپسندوں کی جانب سے پٹ فیڈرکینال کے جنوب میں معصوم مزارعوں کے گھروں پر دھاوابول دیاگیاجس کے نتیجے میں دومرد،تین خواتین اوردوبچے شہید ہوگئے۔

شہید افرادپر بی آر اے کی طرف سے الزام تراشی کی گئی تھی کہ وہ سکیورٹی فورسزکے ساتھ تعاون کرتے تھے۔علاقہ مکینوں کی اطلاع پر ایف سی کے اسپیشل دستے نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

(جاری ہے)

ایف سی کے گھیراڈالتے ہی بی آر اے کے شرپسندوں نے ایف سی کے جوانوں پرفائر کھول دیا۔شدیدفائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹے جاری رہنے کے بعدایف سی کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں چھ شرپسند ہلاک ہوگئے جبکہ شرپسندوں کے قبضے سے بھاری تعدادمیں اسلحہ اور گولہ بارودبرآمد کرلیاگیا۔

واضح رہے کہ علاقہ مکینوں نے چھ شرپسندوں میں سے تین شرپسندوں کی شناخت کرلی جو کہ بے گناہ شہریوں کے قتل عام ،اغواء برائے تاوان،گیس پائپ لائنز کو اڑانے،سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اورسکیورٹی فورسز پر حملوں میں سرگرم تھے۔علاقہ مکینوں اور ایف سی کی جانب سے متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر بھی درج کرالی گئی ہے۔ آئی جی ایف سی میجرجنرل اعجازشاہد نے بے گناہ اور معصوم شہریوں کی سفاکانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ فرنٹیئرکوربلوچستان معصوم اوربے گناہ شہیدوں کے ورثاء کے ساتھ اس دکھ کی گھڑی میں برابرکی شریک ہے۔

مزید برآں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ علاقے کو شرپسندوں سے پاک کیاجائے گااور امن کو ہرصورت برقرار رکھاجائے گا۔ اورانشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب صوبے بھر سے دہشتگردوں اورتخریب کاروں کا قلع قمع کردیاجائے گا۔