اہم سیاسی اور حکومتی شخصیات کی سکیورٹی پر مامور 700 سے زائد پولیس اہلکار گزشتہ 2 ماہ سے تنخواہوں سے محروم

اتوار 9 فروری 2014 19:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 فروری ۔2014ء) اہم سیاسی اور حکومتی شخصیات کی سکیورٹی پر مامور 700 سے زائد پولیس اہلکار گزشتہ 2 ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جبکہ متعلقہ اداروں کی جانب سے بھی انہیں تسلی بخش جواب نہیں دیا جارہا۔ نجی ٹی وی کے مطابقپنجاب پولیس میں قبض الوصول نامی ایک شعبہ قائم ہے جہاں سے پولیس اہلکار نقد تنخواہیں وصول کرلیا کرتے تھے تاہم امن و امان کی مخدوش صورت حال اور کرپشن کے باعث پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی گئی تھیں کہ وہ مخصوص بینکوں میں اپنے کھاتے کھلوائیں جس میں مقرر تاریخ پر تنخواہیں جمع کرادی جائیں گی۔

پولیس اہلکاروں نے ہدایات پر عمل کرتے ہوئے بینکوں میں کھاتے کھلوائے جن کی تفصیلات سی پی او آفس اور اکانٹنٹ جنرل پنجاب آفس میں جمع کرادی گئیں ۔

(جاری ہے)

تمام تر قانونی تقاضوں کی تکمیل کے باوجود مجاہد اسکواڈ اور فلائنگ اسکواڈ کے 700 سے زائد اہلکاروں کو گزشتہ دو ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں، یہ تمام اہلکار ملک کی اہم سیاسی اور حکومتی شخصیات کی حفاظت پر مامورہیں۔ تنخواہوں سے محروم اہلکاروں کا کہنا ہے کہ تنخواہوں کے حصول کیلئے وہ ڈسٹرکٹ پولیس لائن، کیپٹلسٹی پولیس آفس اور اکانٹنٹ جنرل پنجاب آفس کے کئی چکر لگاچکے ہیں لیکن کوئی بھی انہیں تسلی بخش جواب نہیں دیتا جس کی وجہ سے وہ اور ان کے خاندان شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔

متعلقہ عنوان :