راولپنڈی ،ملتان اورفیصل آبادمیٹرو بس منصوبے معیار،تعمیر اورشفافیت کا اعلی شاہکار ہونگے‘شہباز شریف،شفافیت ، معیار او ر منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل ہماری پالیسی ہے ، صوبے میں کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا ،عالمی سطح پر لاہورمیٹرو بس منصوبے کو شاندار پذیرائی ملی ہے ،میٹرو پراجیکٹ قومی وسائل عوام پر صرف کرنے کی بہترین مثال ہے ،مسلم لیگ(ن) نے اپنے ادوار حکومت میں عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کئے ،آئندہ بھی خدمت خلق کی نئی تاریخ رقم کریں گے،پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے ماڈل صوبہ بنانے کے مشن پر عمل پیر ا ہیں،اراکین ا سمبلی عوام کی خدمت کو شعار بنائیں ا ن کے مسائل کے حل پر توجہ دیں، ملک کی ترقی او ر عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر اربوں روپے صرف کر ر ہے ہیں‘وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی منتخب نمائندوں سے گفتگو

اتوار 9 فروری 2014 19:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 فروری ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنے منشور پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے -شفافیت، معیاراور ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل ہماری پالیسی ہے- صوبے میں کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا گیا ہے اور عوام کی ایک ایک پائی کو امانت سمجھتے ہوئے ان کی فلاح و بہبود پر صرف کیا جا رہا ہے- گزشتہ پانچ سالہ دور حکومت میں پنجاب کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لئے شروع کئے گئے سفر کو آگے بڑھا رہے ہیں- حکومت کے فلاحی منصوبوں سے صوبے کے لاکھو ں غریب خاندان مستفید ہورہے ہیں- فلاحی سکیمو ں پر عملدرآمد آئندہ بھی جاری رہے گا- خدمت خلق عبادت کا درجہ رکھتی ہے-مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اپنے ادوار حکومت میں عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کئے،آئندہ بھی خدمت خلق کی نئی تاریخ رقم کریں گے اور عوام سے کئے گئے وعدے پورے کریں گے- ان خیالات کاظہار انہوں نے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا-منتخب نمائندوں نے وزیر اعلی کو اپنے علاقوں میں ترقیاتی وفلاحی پروگرامو ں پر کام کی پیش رفت سے آ گاہ کیا- وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ محنت، دیانت،امانت اورعوامی خدمت کو شعار بنا کر پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے مثالی صوبہ بنائیں گے۔

(جاری ہے)

لاہور کے کامیاب تجربے کے بعد ملتان ،فیصل آباد اورراولپنڈی میں میٹرو بس منصوبے شروع کئے جارہے ہیں،لاہورمیٹرو بس منصوبہ کو ملک اوربیرون ملک جس قدر پذیرائی ملی ہے ،ماضی قریب میں اس کی نظیر نہیں ملتی۔ عالمی سطح پر لاہورکے میٹرو بس منصوبے کو قومی وسائل عوام پر صرف کئے جانے کی بہترین مثال قرار دیا گیاہے۔ راولپنڈی،ملتان اورفیصل آباد کے میٹرو بس منصوبے بھی معیار اورشفافیت کا اعلی شاہکار ہونگے اور لاکھو ں لوگ تیزرفتار ،باکفایت اورآرام دہ سفری سہولتوں سے مستفید ہونگے۔

حکومت نے جس طرح لاہورکے میٹرو بس پراجیکٹ کو انتہائی قلیل مدت میں مکمل کیا،اسی تیز رفتاری سے راولپنڈی ،ملتان اورفیصل آباد کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے - انہوں نے کہاکہ تیز رفتار ترقی اورکاروباری سرگرمیاں بڑھانے کے لئے جدیدانفراسٹرکچر بنیادی کرداراداکرتاہے- اسی مقصد کے پیش نظر رواں سال انفراسٹرکچر کی بہتری پر91ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔

۔صوبے بھر میں سٹرکوں، پلوں اورانڈر پاسز کا جال بچھایاجارہاہے -نئی سٹرکوں کی تعمیر پر29ارب روپے سے زائد صرف کئے جارہے ہیں- صوبائی دارالحکومت کے ساتھ فیصل آباد،ملتان، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور دیگر بڑے شہروں کو ہر لحاظ سے جدید سہولیات اور ضروری انفراسٹرکچر سے آراستہ کرنے پر اربوں روپے صرف کئے جارہے ہیں- انہوں نے کہاکہ کم ترقی یافتہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنا ہماری پالیسی ہے- پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہی جنوبی پنجاب کے لئے مختص کردہ ترقیاتی فنڈ کو اس کی آباد ی کے تناسب سے زیادہ رکھنے کی مثال قائم کی ہے- جنوبی پنجاب کی ترقی پر رواں سال 93ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں جو کل ترقیاتی بجٹ کا 32فیصد ہے - انہوں نے کہا کہ موبائل ہیلتھ یونٹس، دانش سکول اورنئے ہسپتالوں کے قیام جیسے منصوبے بھی ترجیحی بنیادوں پر جنوبی پنجاب سے شروع کئے گئے ہیں- رواں مالی سال کے دوران جنوبی پنجاب کے تمام سکولوں میں عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی کا عمل مکمل کرلیاجائے گا- وزیراعلیٰ نے کہاکہ معاشی استحکام کے لئے صنعتی ترقی بے حد ضروری ہے-صوبے میں صنعتوں کے فروغ کے لئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں- صنعتوں کے لئے توانائی کی فراہمی اورعوام کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نجات دلانے کے لئے بھی ہر ممکن وسائل بروئے کار لا ئے جا رہے ہیں- تجارتی ومعاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے پنجاب کے مختلف شہرو ں میں جدیدسہولتوں سے آراستہ نئی انڈسٹریل سٹیٹس کے قیام کے منصوبے پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔

وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی سے کہاکہ وہ عوام سے روابط بڑھائیں اور انہیں حکومت کے فلاحی پروگراموں سے آگاہ کریں- انہوں نے کہاکہ ترقیاتی سکیموں کی شفاف اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے بھی اراکین اسمبلی اپنا موثر کردار ادا کریں اورعوام کے مسائل کے حل کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کارلائیں-

متعلقہ عنوان :