آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ تھم گیا ، سردی کی شدت میں کمی نہ ہوسکی ،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت بعض علاقوں میں دھوپ نکل آئی ، شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے،موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ، دو سے تین روز میں پنجاب کے میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں رہیں گے ،محکمہ موسمیات

اتوار 9 فروری 2014 14:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 فروری ۔2014ء) آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ تھم گیا ،تاہم سردی کی شدت میں کمی نہ ہوسکی ،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت بعض علاقوں میں دھوپ نکل آئی ، شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے جبکہ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے ، دو سے تین روز میں پنجاب کے میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں رہیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے متعدد علاقوں میں برفباری کا سلسلہ تھم گیا تاہم سردی کی شدت برقرار رہی برفباری رکنے کے بعد لوگ گھروں کی چھتوں اور راستوں سے برف ہٹانے کا کام کر تے مصروف دکھائی دیئے بلوچستان کے شمالی علاقوں کے پہاڑوں میں جمی برف کی وجہ سے سردی کم ہونے کا نام ہی نہیں لیا اور سورج کی کرنیں بھی بے اثر ہوگئیں۔

(جاری ہے)

قبائلی علاقوں کرم ایجنسی اور ملحقہ علاقوں میں سردی میں اضافے نے جلانے کی لکڑی کے دام بڑھادیئے محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

2سے 3روز میں پنجاب کے میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں رہیں گے۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ سردی کی حالیہ لہر آئندہ 24 گھنٹے برقرار رہے گی ، پنجاب کے میدانی علاقوں میں 2سے 3دن صبح کے وقت دھندچھائی رہنے کا امکان ہے۔