متحدہ قومی موومنٹ کے گرفتار کارکن فہد پرتشدد کرنے والے پولیس اہلکارمعطل

اتوار 9 فروری 2014 13:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری۔2014ء) گذشتہ رات کراچی میں گرفتار کیے گئے متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن فہد عزیز کوتشویشناک حالت میں نجی اسپتال منقل کردیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ فہد عزیز کی حالت تشدد سے خراب ہوئی اور تشدد کے الزام میں تفتیشی ٹیم کے انچارج سمیت 4 اہلکاروں کو معطل کردیاگیا ہے ٹارگٹ کلنگ اور دیگر جرائم کے الزام میں پولیس کو مطلوب ایم کیو ایم کے کارکن فہد عزیز کو پولیس نے گذشتہ رات گرفتار کیا ، تاہم حالت خراب ہونے پر انہیں کراچی کے نجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، اسپتال ذرائع کے مطابق فہد عزیز کو آج صبح ساڑھے سات سے آٹھ کے درمیان اسپتال منتقل کیا گیا ، متحدہ کے رہنما روٴف صدیقی کا کہنا ہے کہ پولیس فہد عزیز کو انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال چھوڑ کر گئی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ فہد عزیز کی حالت تفتیش کے دوران پولیس تشدد سے خراب ہوئی اور فہد عزیز پر تشدد کے الزام میں تفتیشی ٹیم کے انچارج سمیت چار پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔ فہد عزیز کے خلاف پولیس نے شاہ فیصل کالونی تھانے میں مقدمہ بھی درج کرلیا ہے ، ایس ایس پی ایسٹ پیر محمدشاہ کا کہنا ہے کہ فہد عزیرکے خلاف تین مختلف مقدمات میں تفتیش جاری ہے اور انہیں کل جوڈیشل مجسٹریٹ ایسٹ کی عدالت میں ریمانڈ کے لیے پیش کیا جائے گا۔

فہد عزیز کو گذشتہ رات اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ دولہا بنے اپنی بارات لے کر جارہے تھے ، کورنگی سے نکلنے والی بارات اورنگی کے لیے ابھی شاہ فیصل کالونی کے پل پر پہنچی تھی کہ یہاں پرتلاشی کے عمل میں مصروف پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔اس صورتحال پرباراتیوں نے شاہ فیصل تھانے پہنچ کر احتجاج کیا اور پھر متحدہ کے رہنماوٴں کے ہمراہ کراچی پریس کلب اور وزیراعلی ہاوٴس کے باہر بھی مظاہرے کیے ، ایم کیو ایم کے رہنماوٴں نے کراچی پولیس کی اعلی قیادت پر تعصب کاالزام عاید کرتے ہوئے حکومت سے اس کی فوری تبدیلی کامطالبہ بھی کیا ۔

متعلقہ عنوان :