صوبہ پنجاب ، بلوچستان،خیبرپختونخوا ، گلگت اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں ایم کیوایم کے کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرے

ہفتہ 8 فروری 2014 23:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 فروری ۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف یوم سوگ کے موقع پر کراچی اور صوبہ سندھ کی طرح صوبہ پنجاب ،بلوچستان، خیبر پختونخواہ ، گلگت اور آزاد کشمیر میں بھی پریس کلبوں کے باہر زبردست احتجاجی مظاہرے منعقد ہوئے جن میں ایم کیوایم کے ذمہ داران وکارکنان اورعوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف اپنا بھر پور احتجاج ریکارڈ کرایا ۔

اس موقع پر مظاہروں کے شرکاء قاتلوں کی گرفتاری ، سپریم کورٹ سے ماورائے عدالت قتل کے واقعات کا از خود نوٹس لینے کیلئے پرجوش نعرے بھی لگا رہے تھے ۔ صوبہ پنجاب میں ایم کیوایم کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے لاہور ، راولپنڈی ، ملتان سمیت دیگرشہروں کے پریس کلبوں پر منعقد ہوئے ۔

(جاری ہے)

خیبر پختونخواہ میں ایم کیوایم کے کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرے پشاور پریس کلب ، ایبٹ آباد پریس کلب ، بنوں پریس کلب ، ڈیرہ اسماعیل خان پریس کلب ، مردان پریس کلب اور صوابہ پریس کلب پر منعقد ہوئے ۔

اسی طرح گلگت میں ایم کیوایم کے زیر اہتمام یوم سوگ کے موقع پر احتجاجی مظاہرہ گلگت پریس کلب کے باہر ہوا جبکہ آزاد کشمیر میں ایم کیوایم کے کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ مظفر آباد پریس کلب کے سامنے ہوا ۔ احتجاجی مظاہروں میں ایم کیوایم کے ذمہ داران ، کارکنان ، ہمدردوں ، عوام سمیت مختلف شخصیات نے شرکت کی ۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھی اوراپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ماورائے عدالت قتل کئے گئے ایم کیوایم کے کارکنان کے قاتلوں کی گرفتاری ، ظلم و ناانصافی کے خاتمے ،ایم کیوایم اور قائد تحریک الطاف حسین کے ساتھ آخری وقت تک ساتھ دینے کے عزم پر مشتمل کلمات جلی حروف میں تحریر تھے ۔

احتجاجی مظاہروں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیوایم پنجاب ، خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ذمہ داران نے کہا کہ کراچی میں ایم کیوایم کے کارکنان کے ساتھ جس طرح کا سلوک اور رویہ رکھااپنا جارہا ہے وہ کھلا تعصب اور سیاسی انتقام ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ ایم کیوایم اب قومی سطح کی جماعت ہے اور اس میں تمام قومیتوں کے افراد شامل ہے اب ایم کیوایم کے خلاف ظلم و انانصافی اور غیر قانونی اور غیر آئینی ہتھکنڈے کامیاب نہیں ہوسکتے اور نہ ہی ملک بھر کے عوام کو اب منفی پروپیگنڈے کے زریعے گمراہ کیاجاسکتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین کے واحد لیڈر ہے جو نازک ترین حالات میں بھی اپنے کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کے واقعات پر صبر وتحمل سے نہ صرف خود کام لیتے رہے ہیں بلکہ کارکنوں اور ان کے لواحقین کو بھی صبر کی تلقین کرتے رہے ہیں لیکن ظلم و ناانصافی کی بھی ایک حد ہوتی ہے ، ایم کیوایم کے کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کے پیچھے جو نادیدہ قوتیں ملوث ہیں وہ ملک کی نازک ترین صورتحال میں ملک دشمنی کا کھلا عمل کررہی ہیں اور ملک کی جمہوری اور سیاسی جماعت کو دیوار سے لگانے کا مکرو ہ عمل کررہی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

یوم سوگ کے موقع پر صوبہ پنجاب ، خیبرپختونخواہ ، گلگت اور آذاد کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کئے گئے ایم کیوایم کے شہید کارکنان کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کے اجتماعات بھی منعقد ہوئے ۔