بھارتی سیاستدان راہول گاندھی سے بہت زیادہ متاثر ہوں،طالبان سے مذاکرات بے نتیجہ رہیں گے‘بلاول بھٹو زرداری،پاک بھارت تعلقات میں بہتری آئی ہے ،امید ہے میرے وزیراعظم بننے تک دونوں ممالک بہترین دوست ہونگے، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی

ہفتہ 8 فروری 2014 22:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 فروری ۔2014ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میں بھارتی سیاستدان راہول گاندھی سے بہت زیادہ متاثر ہوں،پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں بہتری آئی ہے اور مجھے امید ہے کہ میرے وزیراعظم بننے تک دونوں ممالک بہترین دوست ہونگے۔بھارتی ٹیلی وژن کو دیئے گئے انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میں ذاتی طور پر راہول گاندھی سے مل چکاہوں اور میں ان سے بہت متاثر ہوں اور ہم دونوں کے خاندان بھی دہشتگردی کا شکار ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں بہتری آئی ہے اور مجھے امید ہے کہ میرے وزیراعظم بننے تک دونوں ممالک بہترین دوست ہوں گے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغامات سے متعلق بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وہ ٹوئٹرپر پیغامات کسی سیاسی حکمت عملی کے تحت نہیں دیتے بلکہ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے وہ لوگوں سے ٹوئٹر کے ذریعے رابطہ بحال رکھتے ہیں۔طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات حکومت کی سب سے بڑی غلطی ہے۔ ایک دہائی سے طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششیں ہورہی ہے جوہمیشہ ناکام رہیں اور اس بار بھی مذاکرات بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو جائیں گے۔