بہترین درسی نصاب کا معیاری تعلیم کی فراہمی میں اہم کردار ہے،محمد عاطف خان،صوبائی وزیر کو ٹیکسٹ بک بورڈپشاور میں درسی کتابوں کی فراہمی کی مقدار اور لاگت کی تفصیلات بتائی گئیں، وزیر برائے ابتدائی وثانوی تعلیم خیبرپختونخوا

ہفتہ 8 فروری 2014 20:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 فروری ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی وثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ بہترین درسی نصاب معیاری تعلیم کی فراہمی میں اولین کردار کا حامل ہے، ابتدائی تعلیم کے درسی نصاب میں وہ سب کچھ شامل کیا گیا ہے جس سے بچوں کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تعلیم کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز خیبر پختونخوا ٹیکسٹ بک بورڈ پشاورمیں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں صوبائی وزیر نے پرائمری سکولز کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن لینے والے بچوں میں مفت کتابیں بھی تقسیم کیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا ٹیکسٹ بک بورڈ نے تعلیمی سال 2014-15 کے لئے 223 کتابیں جن کی کل مقدار4کروڑ9لاکھ22ہزار760ہے حکومت کو سپلائی کی ہیں جن پر اڑھائی ارب کے قریب لاگت آئی ہے، اوریہ کتابیں سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کو مفت فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ 131کتابیں جن کی کل مقدار 4 کروڑ 441 ہزار377 ہے فاٹا کو سپلائی کی گئی ہیں جن پر 259ملین862ہزارآٹھ سو بیاسی روپے لاگت آئی ہے ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ اوپن مارکیٹ میں 0 2لاکھ 325 ہزارکی مقدار پر مشتمل مختلف کتابیں سپلائی کی گئی ہیں جن کی لاگت ایک ہزار ملین روپے ہے۔صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ تعلیمی سال 2013-14 کے مقابلے رواں تعلیمی سال کے لئے کتابوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم بچے ہماری پوری توجہ کے مستحق ہیں اور ان کا واحد مستقبل تعلیم ہی ہے جس پر کسی قسم کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں مفت اور معیاری تعلیم کی فراہمی کا مقصد غریب اور متوسط خاندانوں کے بچوں کو آگے لانا ہے تاکہ وہ پرھ لکھ کر اپنا بہتر مستقبل بنا سکیں۔

متعلقہ عنوان :