سندھ دھرتی سے تجدید عہد وفا کے لیے دھرتی ماں کے سپوت کل اپنی قوت کا مظاہرہ کریں گے ،ڈاکٹرقادر مگسی

ہفتہ 8 فروری 2014 17:20

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8فروری 2014ء) سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ سندھ دھرتی سے تجدید عہد وفا کے لیے دھرتی ماں کے سپوت (اتوار) کراچی میں اپنی قوت کا مظاہرہ کریں گے ۔سندھ یکجہتی ریلی کا آغاز اتوار کو دوپہر 12بجے گلشن حدید سے ہوگا ،جو مختلف راستوں سے ہوتے ہوئی مزار قائد اعظم پہنچے گی ،جہاں پر ریلی کے شرکاء پیدل تبت سینٹر تک مارچ کریں گے اور پھر تبت سینٹر پر تاریخی جلسہ عام منعقد کیا جائے گا ،جس میں شریک رہنما اور عوام اس عزم کا اعادہ کریں گے کہ سندھ دھرتی کی تقسیم کے خلاف کسی سازش کو قبول نہیں کیا جائے گا اور اگر سندھ کی تقسیم کے حوالے سے کوئی سازش کی گئی تو ہم اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اپنی دھرتی کی حفاظت کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ وفاق کی اکائی ہے اور سندھ کے وسائل پر سندھ کے اصل باشندوں کا حق ہے ،جو انہیں دینا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے باشندے لسانی تقسیم کے خلاف ہیں ۔ہم تمام قومتیوں کا احترام کرتے ہیں اور ہمارا صرف ایک ہی عزم ہے کہ سندھ سدا آباد رہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی سیاست سندھ کے مفادات کے منافی ہے ۔جس دن الطاف حسین نے سندھ ون اور سندھ ٹو کا نعرہ لگایا تھا ہم نے اسی دن اس کو مسترد کردیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ ہم سندھ کی تقسیم کے خلاف ہونے والی سازشوں کو مسترد کرتے ہیں اور ان سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ سندھ سے غیر قانونی تارکین وطن کو نکالا جائے اور سندھ کے عوام کو ان کا حق دیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں ناچ گانے کی محفلوں کی حفاظت کے لیے رینجرز اور پولیس تعینات ہوتی ہے لیکن سندھ مں امن کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جارہے ہیں اور سندھ کے عوام لٹیروں کے سامنے بے بس ہے ۔لہذا حکومت سندھ کی ذمہ داری ہے کہ وہ سندھ کے عوام کا تحفظ ہے اور اتوار کو نکالی جانے والی ریلی کی حفاظت کا مناسب انتظام کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ریلی میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس کی ذمہ دار حکومت سندھ ہوگی ۔

انہوں نے سندھ سے محبت کرنے والی جماعتوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ بھرپور انداز میں ریلی میں شریک ہوں اور ریلی میں شرکت کرکے اس بات کا ثبوت دیں کہ سندھ دھرتی ہماری ماں ہے ۔ماں کی تقسیم کوئی نہیں چاہتا ہے اور نہ ماں تقسیم ہوسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریلی کے شرکاء اس بات کا عزم ظاہر کریں گے کہ وہ سندھ کی یکجہتی کے لیے ایک ہیں ۔

متعلقہ عنوان :