صرف اپنے بیٹے کی وجہ سے مذاکرات میں رکاوٹ نہیں بننا چاہتے ،دلی خواہش ہے مذاکرات کامیاب ہوں ‘ یوسف رضا گیلانی

ہفتہ 8 فروری 2014 16:33

صرف اپنے بیٹے کی وجہ سے مذاکرات میں رکاوٹ نہیں بننا چاہتے ،دلی خواہش ..

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8فروری 2014ء) پیپلز پارٹی کے وائس چیئرمین وسابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ صرف اپنے بیٹے کی وجہ سے مذاکرات میں رکاوٹ نہیں بننا چاہتے اور دلی خواہش ہے کہ مذاکرات کامیاب ہوں ،ہم نے دو صوبوں کی نہیں بلکہ جنوبی پنجاب کی بات کی تھی ، موجودہ حکومت اپنی منظور کردہ دو قراردادوں پرعمل کرے تو خوشی ہو گی ،میرے دور میں کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا گیا ، ہم انتقامی کارروائیوں سے نہیں ڈرتے اسی لئے اب سابق صدر آصف زرداری اورمیرے سمیت پارٹی کے دیگر لوگ نیب میں پیش ہو رہے ہیں ۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی خواہش ہے کہ حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوں ۔

(جاری ہے)

ہم صرف اپنے بیٹے کی وجہ سے ان مذاکرات کی کامیابی میں رکاوٹ نہیں بننا چاہتے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم نے دو صوبوں کی بات نہیں کی تھی بلکہ ہم نے جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کی بات کی تھی ۔

اس وقت مسلم لیگ (ن) کی صوبائی حکومت نے بہاولپور کی بحالی اورجنوبی پنجاب کوصوبہ بنانے کی قراردادیں منظور کیں ۔ ہم نے اس سلسلہ میں سینیٹ میں کامیابی حاصل کی اور دو ترامیم پاس کر الیں لیکن ہمارے پاس قومی اسمبلی میں اکثریت نہیں تھی اب موجودہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ اپنی دونوں قراردادوں پرعمل کرائے تو بہت خوشی ہو گی ۔ انہوں نے نیب کی کارکردگی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ اس کی کارکردگی بارے کچھ نہیں کہوں گا ۔

نیب کا ادارہ وزیر اعظم کے ماتحت ہوتا تھا لیکن جب میں نے عہدہ سنبھالا تو سب سے پہلے اسے وزارت و قانون کے ماتحت کیا تاکہ کوئی یہ نہ کہہ سکے کہ میں کسی کے خلاف انتقامی کارروائی کر ر ہا ہوں ۔ جب سابقہ چیف جسٹس کو نیب کے سامنے پیش ہونے کا کہا گیا تھا انہوں نے کہا کہ میں اسے نہیں مانتا لیکن ہم نے یہ نہیں کہا او ر سابق صدر آصف علی زرداری ، میں اور پارٹی کے دیگر لوگ اسکے سامنا کر رہے ہیں کیونکہ ہم انتقامی کارروائیوں سے نہیں ڈرتے ۔ انہوں نے نجکاری کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ اس معاملے میں پارٹی پارلیمنٹ میں اپنا موقف دے گی۔

متعلقہ عنوان :