کارکنوں کا ماورائے عدالت قتل ،گورنر سندھ کاوفاقی حکومت کی اہم شخصیت سے رابطہ

ہفتہ 8 فروری 2014 15:43

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8فروری 2014ء) ایم کیو ایم کی جانب سے کارکنان کے ماورائے عدالت قتل اور لاپتہ کیے جانے پر احتجاج کے بعد گورنر سندھ نے وفاقی حکومت کی اہم شخصیت سے رابطہ کر کے انہیں صورتحال سے آگاہ کیا ، وفاقی حکومت نے ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروادی ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو کو پینتالیس لاپتہ اور دس کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کیے جانے کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور آپریشن کی نگرانی کے لئے کمیٹی بنائے جانے کا مطالبہ کیا تھا ، جس کے بعد گورنر سندھ نے وفاقی حکومت کی اعلی شخصیت سے رابطہ کر کے انہیں صورتحال سے آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے گورنر سندھ کو پیغام دیاہے کہ وہ ایم کیو ایم کے کراچی آپریشن سے متعلق تمام تحفظات دور کرنے کے لئے تیار ہے اور بہت جلد وزیر اعظم میاں نواز شریف وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے کراچی آپریشن سے متعلق بریفنگ لیکر ایم کیو ایم کی قیادت سے ملاقات کریں گے ۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار یا وفاقی وزیرخزانہ اسحق ڈار آئندہ ہفتے کراچی کا دورہ کریں گے اور امن و امان کے حوالے سے بریفنگ لے کر وزیر اعظم کو اپنی رپورٹ پیش کرینگے۔

متعلقہ عنوان :