کارکنوں کے قتل کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے، الطاف حسین

ہفتہ 8 فروری 2014 15:35

کارکنوں کے قتل کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے، الطاف حسین

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8فروری 2014ء) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے جن بڑے افسران کے احکامات اور نگرانی میں ایم کیو ایم کے بے گناہ کارکنوں کو انتہائی سفاکی اور درندگی سے ماورائے عدالت قتل کیا گیا انہیں قانون کے مطابق سخت سزائیں دی جائیں۔ جب قانون نافذ کرنے والے ایجنسیوں کے حکام اور حکومت کی بڑی بڑی کرسیوں پر بیٹھنے والے افراد اپنے فرض سے کو تاہی اور غفلت کا اسی طرح مظاہرہ کرتے رہیں تو پھر پاکستان کا اللہ ہی حافظ ہو گا۔

ایم کیو ایم کے قائد الطا ف حسین نے ایم کیوایم کے کارکن سلمان کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف انتہائی کامیاب اور پُر امن یوم سوگ منانے پر سندھ اور پاکستان بھر کے عوام کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا کہ ایم کیو ایم کے کارکن سلمان شہید اور دیگر معصوم و بے گناہ کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے اور پولیس اور قانون نافذ کرنے والی جن ایجنسیوں کے جن بڑے بڑے افسران کے احکامات اور نگرانی میں ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں کو انتہائی سفاکی اور درندگی سے ماورائے عدالت قتل کیا گیا ہے انہیں آئین قانون کے مطابق سخت ترین سزائیں دی جائیں اور ظلم وبربریت کا یہ سلسلہ بند کیا جائے۔

الطاف حسین نے کہا ہے کہ وہ انتہائی افسوس کے ساتھ عوام کے علم میں یہ بات لانا چاہتے ہیں کہ انہوں نے ایم کیو ایم کے کارکن سلمان کے ماورائے عدالت قتل کی تفصیلات بتانے کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ، ڈی جی رینجرز سندھ سمیت متعدد اعلیٰ حکام کو بذات خود متعدد فون کئے مگر انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ کسی بھی فرد نے انہیں جوابی فون کرنے کی زحمت تک گوارا نہیں کی۔ انہوں نے کہا ہے کہ جب قوم کو جوابدہ قانون نافذ کرنے والے ایجنسیوں کے حکام اور حکومت کی بڑی بڑی کرسیوں پر بیٹھنے والے افراد اپنے فرض سے کوتاہی اور غفلت کا اسی طرح مظاہرہ کرتے رہیں تو پھر پاکستان کا اللہ ہی حافظ ہو گا۔