وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کابینہ کے ہمراہ سعودی شہزادے اور ان کے وفد کا لاہور آمد پر پرتپاک استقبال کیا

ہفتہ 8 فروری 2014 13:46

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8فروری 2014ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اپنی کابینہ کے ہمراہ سعودی عرب کے سیاحت اور نوادرات کمیشن کے چیئرمین شہزادہ سلطان بن سلیمان بن عبد العزیز اور انکے وفد کا لاہور آمد پر پرتپاک استقبال کیا ، اس موقع پر ائیر فورس کے چاک و چوبند دستے نے سعودی مہمانوں کو گارڈ آف آنر پیش کیا ، سعودی شاہی مہمان اور انکے وفد کو خوش آمدید کہنے کیلئے مال روڈ کو خیر مقدمی بینرز ،سعودی مہمان کی قدر آور تصاویر اور خوبصورت پھولوں سے سجایا گیا جبکہ اس موقع پر لاہور میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ۔

سعودی مہمان اور انکے وفد نے تاریخی بادشاہی مسجد کا دورہ کیا ، اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف بھی انکے ہمرا ہ تھے ۔

(جاری ہے)

راستے میں شہری ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال کر اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے مہمانوں کا استقبال کرتے رہے جبکہ ائیر پورٹ اور استنبول چوک میں گھوڑوں کا رقص بھی پیش کیا گیا ۔ بادشاہی مسجد آمد پر صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور میاں محمد عطا مانیکا نے سعودی شہزادے اور انکے وفد کااستقبال کیا جبکہ اس موقع پر سعودی مہمانوں کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ۔

سعودی شہزادے نے اپنے وفد کے ہمراہ بادشاہی مسجد میں نوافل ادا کئے اور بعدازاں تاریخی مسجد کے مختلف حصے اور قرآن پاک کے نادر نسخے اور مقدس تبرکات بھی دیکھے ۔ اس موقع پر سعودی مہمان او رانکے وفد کو مسجد کی تاریخ بارے آگاہی دی گئی ۔ سعودی مہمان نے مغلیہ طرز کی حامل شاہکار کی بھرپور تعریف کی اور بعد ازاں مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے ۔ سعودی مہمانوں نے عجائب گھر کابھی دورہ کیا اور وہاں رکھے نوادرا ت دیکھے اور ان میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا ۔سعودی عرب کے مہمانوں کی آمد کے موقع پر صوبائی دارالحکومت میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔