بھارتی ثقافتی وفد کے دورہ لاہور کے حوالے سے سیکورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا، 1500اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے

جمعہ 7 فروری 2014 16:06

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7فروری 2014ء) بھارتی ثقافتی وفد کے دورہ لاہور کے حوالے سے سیکورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا، 1500اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔یہ بات و زیر تحفظ ماحولیات پنجاب و چیئرمین پولیس ریفارمز کمیٹی کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے 200رکنی بھارتی ثقافتی وفد کی لاہور آمد کے موقع پر کئے جانے والے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔

انہوں نے بتایا کہ 12فروری کو بھارت سے 200ارکان پر مبنی ثقافتی وفدبذریعہ واہگہ لاہور پہنچے گا جو 16فروری تک لاہور میں قیام کرے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ وفد ایکسپو سنٹر میں بھارتی ثقافت پر مبنی مختلف اشیاء کے سٹالز لگائے گا جن کو دیکھنے کی عام لوگوں کو بھی اجازت ہو گی۔

(جاری ہے)

کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا کہ بھارتی وفد کو لاہور میں قیام کے دوران فول پروف سکیورٹی مہیاکرنے کے لیے واہگہ بارڈر سے لے کر ایکسپوسنٹر تک تقریباً 1500اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس ثقافتی نمائش کا انعقاد وفاقی حکومت لاہور چیمبر آف کامرس کے تعاون سے کررہی ہے جبکہ سکیورٹی کے انتظامات پنجاب حکومت کی جانب سے کیے جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ دو سو رکنی بھارتی وفد جذبہ خیر سگالی کے تحت پاکستان کا دورہ کرے گا جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) نے بھارت کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے جس کے تحت یہ پہلا ثقافتی ٹولہ 12فروری کو پاکستان پہنچے گا اور”میڈاِن انڈیا“ کے عنوان کے تحت بھارت میں بنی مختلف اشیاء کی نمائش کرے گا۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب، ہوم سیکرٹری پنجاب، آئی جی پولیس پنجاب، ڈی جی پروٹوکول، ڈی جی رینجرز، لاہور چیمبر آف کامرس کے نمائندے اور دیگر عہدیداران نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :