سندھ فیسٹیول ، کامیاب فلم عالمی میلے میں نامزد کی جائے گی، بلاول، سندھ فیسٹیول کے انعقاد سے دنیا بھر میں پاکستان کا امیج بہتر ہوگا ،فرانسیسی سفیر

جمعہ 7 فروری 2014 12:57

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7فروری 2014ء) پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں کامیاب ہونے والی فلم کو لندن کے انٹرنیشنل فلم میلے میں بھی نامزدگی کیلئے بھیجا جائے گا۔ الائنس فرانسیس کے زیر اہتمام گزشتہ روز بین الاقوامی سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب سے سندھ فیسٹیول کا آغاز ہوا ہے اور اس کے مختلف مراحل طے پا رہے ہیں، اس کے انعقاد سے متعلق بہت پرجوش پیغامات وصول ہورہے ہیں۔

اس موقع پرپاکستان میں تعینات فرانس کے سفیرنے اپنے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کو سندھ فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ انھوں نے مزید کہا کہ سندھ فیسٹیول کے انعقاد سے دنیا بھر میں پاکستان کا امیج بہتر ہوگا، کراچی لٹریچر فیسٹیول کا مسلسل انعقاد بھی ایک اہم قدم ہے جس سے کراچی اور پاکستان کا سوفٹ امیج ابھر رہا ہے۔

(جاری ہے)

فرانسیسی سفیر نے کہا کہ پچھلے 60 برسوں سے الائنس فرانسیس پاکستان میں ثقافتی اور ادبی حلقوں میں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کررہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے فرانس کے سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انھیں سندھ فیسٹیول کے موئن جو دڑو میں بھر پور افتتاحی پروگرام کے بعد دنیا بھر سے بہت حوصلہ افزا اور ستائشی پیغامات موصول ہورہے ہیں، اس پروگرام کے انعقاد کے بعد سے بہت سے لوگوں کو پتہ چلا کہ موئن جو دڑو بھی سندھ، پاکستان اور دنیا میں موجود ہے ورنہ بین الاقوامی سطح پر بہت سے لوگ موئن جو دڑو کے نام سے بھی ناواقف تھے۔ سندھ فیسٹیول کے مزید پروگراموں کے متعلق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ چاہیں گے کہ لوگ ان تمام پروگراموں میں بھر پور شرکت کریں۔

متعلقہ عنوان :