ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ،بارشوں کا سلسلہ آج بھی جاری رہنے کا امکان

جمعہ 7 فروری 2014 11:49

ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ،بارشوں کا سلسلہ آج بھی جاری رہنے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7فروری 2014ء)ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد ٹھنڈی ہواؤں کا راج ہے، مری میں برفباری کا سلسلہ تھم گیا، اسلام آباد ، لاہور، ملتان اور کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز کی بارش اور ژالہ باری کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ، بارشوں کا سلسلہ آج بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔

گزشتہ روز کی برفباری کے بعد مری نتھیا گلی روڈ تاحال ٹریفک کے لئے بند ہے۔موسم کا حال بتانے والوں نے مری اور گلیات میں مزید برفباری اور بارش کی نوید سنا رکھی ہے۔دیر بالاشہر اور گردونواح میں برفباری کا سلسلہ رک گیا ، شہر اور گردونواح میں 36 گھنٹے سے بجلی بند ہے۔لواری ٹاپ اور ملحقہ علاقوں میں 7 فٹ سے زائد اور شہر میں 1 فٹ سے زیادہ برفباری ہوئی۔

(جاری ہے)

براوال اور کوہستان روڈ سمیت متعدد رابطہ سڑکیں بند ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔آزاد کشمیر میں مظفرآباد ، وادی نیلم ، لیپہ ، باغ اور راولاکوٹ کے پہاڑوں پر گزشتہ روز ہونے والی برف باری کے بعد سردی میں بلا کی کاٹ ہے ادھر اسلام آباد ، لاہور، ملتان اور کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری سے موسم مزید سرد ہو گیا۔

جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں گزشتہ روز برسنے والے مینہ نے سردی کی شدت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔پشاور میں چوبیس گھنٹے تک وقفے وقفے سے جاری رہنے والی بارش کے بعد بادل چھٹ گئے ہیں اور مطلع صاف ہو گیا ہے۔سندھ ایک بار پھر شمال مغربی سرد ہواؤں کی لپیٹ میں آ گیا۔درجہ حرارت کم ہونے سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں سردی کی شدت برقرار ہے جبکہ بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔