پاکستان کی بقاء اور اس کا روشن مستقبل مشترکہ جدوجہد کیساتھ ساتھ تحمل ،برداشت ،محبت اور اخوت جیسے جذبوں سے وابستہ ہے‘ گورنر پنجاب ،ملک جس مشکل ترین صورتحال سے دوچار ہے اس سے ہم اسی صورت نبرد آزما ہو سکتے ہیں جب ہم اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کریں،چوہدری محمد سرور سے دعوت اسلامی یو کے تنظیم کے وفد اور اور ساہیوال سے سابق رکن اسمبلی انوارالحق رامے کی سربراہی میں وفد سے علیحدہ علیحدہ ملاقات

جمعرات 6 فروری 2014 22:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 فروری ۔2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ہمیں انفرادی ترقی سے اجتماعی کامیابی کو زیادہ ترجیح دینی چاہئے، پاکستان کی بقاء اور اس کا روشن مستقبل مشترکہ جدوجہد کے ساتھ ساتھ تحمل ،برداشت ،محبت اور اخوت جیسے جذبوں سے وابستہ ہے، اس وقت ملک جس مشکل ترین صورت حال سے دوچار ہے اس سے ہم اسی صورت نبرد آزما ہو سکتے ہیں جب ہم اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کریں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز گورنر ہاؤس لاہور میں دعوت اسلامی یو کے تنظیم کے وفد جس کی قیادت مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی یعفور رضا عطاری کررہے تھے اور ساہیوال سے سابق رکن قومی اسمبلی انوارالحق رامے کی سربراہی میں 20رُکنی وفد سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ وطن عزیز کے دشمن ملک کی سلامتی اور اَمن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن وہ یہ بات جمع خاطر رکھیں کہ پاکستانی قوم اپنے محبوب وطن کی خاطر اپنے تمام تر اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اس کی حفاظت کرنا بھی جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملک و قوم کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں میاں محمد نواز شریف کی صورت میں ایک جمہوریت پسند اور محب وطن وزیر اعظم ملا ہے جن کی اولین ترجیح پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت دہشت گردی کے ایشو کو مستقبل بنیادوں پر حل کرنے اور ملک کی عظمت رفتہ کو دوبارہ بحال کرانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو بروئے کار لانے کے لئے سرگرم عمل ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبے کی عوام کو تعلیم اور صحت کے ساتھ ساتھ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے وسیع پیمانے پر منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ بنیادی سہولتوں سے آراستہ کیا جا سکے۔ گورنر نے کہا کہ جی ایس پی سٹیس کے حصول سے ملکی برامداد میں نہ صرف اضافہ ہوا ہے بلکہ ملکی صنعتی پیداوار میں بھی استحکام آئے گا۔ اس موقع پر ساہیوال سے آئے ہوئے وفد نے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب نے وفد کو یقین دلایا کے حکومت پنجاب ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو بروئے کار لائے گی۔