کراچی اسٹاک ایکسچینج میں محدود پیمانے پر تیزی ،سرمایہ کاری مالیت میں 2ارب 81کروڑ روپے کی کمی،مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 111.06پوائنٹس اضافے سے 26862.51پوائنٹس پر بند ہوا

جمعرات 6 فروری 2014 20:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 فروری ۔2014ء) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتہ کے چوتھے روز جمعرات کو اتار چڑھاوٴ کے بعد محدود پیمانے پر تیزی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس کی 26800کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی ۔سرمایہ کاری مالیت میں 2ارب 81کروڑ روپے کی کمی ،کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت 15.30فیصد کم جبکہ 50فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

حکومتی مالیاتی اداروں ،مقامی بروکریج ہاوٴسز سمیت دیگر انسٹی ٹیونشز کی جانب سے بینکنگ ،آئل ،سیمنٹ سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 26900کی نفسیاتی حد بھی عبور کرگیا تاہم امن و امان کی ناگفتہ بہ صورت حال اور فروخت کے دباوٴ کے باعث کے ایس ای 100انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا ۔

(جاری ہے)

ماہرین اسٹاک کے مطابق طالبان سے مذاکراتی عمل میں پیش رفت کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں سمیت مقامی گروپس بھی مارکیٹ میں سرگرم ہوگئے ہیں ،جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں تیزی دیکھی جارہی ہے ۔مذاکرات میں کامیابی کے نتیجے میں مارکیٹ 30ہزار کی نفسیاتی حد بھی عبور کرسکتی ہے ۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 111.06پوائنٹس اضافے سے 26862.51پوائنٹس پر بند ہوا ۔

مجموعی طور پر 404کمنپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ،جن میں سے 202کے کمپنیوں کے بھاوٴ میں اضافہ ،180کمپنیوں کے بھاوٴ میں کمی جبکہ 22کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا ۔جمعرات کو کاروباری سرگرمیاں 25کروڑ 42لاکھ 10ہزار 400شیئرز رہیں جو منگل کے مقابلے میں 4کروڑ 59لاکھ 45لاکھ ہزار980شیئرز کم ہیں ۔قیمتوں کے اتار چڑھاوٴ کے حساب سے باٹا پاک کے حصص سرفہرست رہے ،جس کے حصص کی قیمت 72.99روپے اضافے 3189.00روپے کولگیٹ پامولو کے حصص کی قیمت 42.50روپے اضافے 1690.00روپے پر بند ہوئی ،نمایاں کمی نیسلے پاک کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت 563.16روپے کمی سے 10700.04روپے جبکہ مچلز فروٹ کے حصص کی قیمت 36.68روپے کمی سے 693.62روپے پر بند ہوئی ۔

جمعرات کو جہانگیر صدیقی کی سرگرمیاں 3کروڑ 44لاکھ 48ہزار 500شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں جس کے شیئرز کی قیمت ایک روپے اضافے سے 14.09روپے ،بینک آف پنجاب کے رائٹ حصص کی سرگرمیاں 2کروڑ 26لاکھ 18ہزار شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 12پیسے اضافے سے 2.91روپے ہوگئی ۔کے ایس ای 30انڈیکس 52.77پوائنٹس اضافے 19371.78پوائنٹس ،کے ایم آئی 30انڈیکس 140.49پوائنٹس اضافے سے 44390.13جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 11.32پوائنٹس اضافے 20049.04پوائنٹس پر بند ہوا