نیشنل جم خانہ کر کٹ کلب نے لاہور جم خانہ کر کٹ کلب کو67رنز سے شکست دیدی

جمعرات 6 فروری 2014 15:50

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6فروری 2014ء) نیشنل جم خانہ کر کٹ کلب نے لاہور جم خانہ کر کٹ کلب کو67رنز سے شکست دے کردوسرے رہبر کپ ٹونٹی ٹونٹی کلب کر کٹ ٹورنامنٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ۔رہبر کپ ٹورنامنٹ کمیٹی کا اجلاس گذشتہ روز کمیٹی کے چیئرمین ماجد زمان کی صدارت میں ہوا اجلاس میں لاہور جم خانہ کر کٹ کلب اور نیشنل جم خانہ کر کٹ کلب کے درمیان کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل کے حوالے سے تمام امور کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ پی سی بی اور آئی سی سی کے انٹرنیشنل ٹونٹی ٹونٹی قوانین کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل کے فاتح کا فیصلہ کیا جائے ۔

جس کے مطابق نیشنل جم خانہ کو 67رنز سے فاتح قراردے دیا گیا ۔ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل باغ جناح کر کٹ پر کھیلا گیا تھا اور خراب روشنی کے سبب میچ کی دوسری اننگ مکمل نہ ہوسکی تھی جس پر ٹورنامنٹ انتظامیہ نے انٹر نیشنل اور پی سی بی ٹونٹی ٹونٹی قوانین کے مطابق نیشنل جم خانہ کو 67رنز سے فاتح قرار دے دیا ۔

(جاری ہے)

نیشنل جم خانہ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 247رنز بنائے ۔

نیک محمد 89،وقاص احمد 52،شاہد اسلم 41اور احسان علی 27رنز بناکر نمایاں رہے ۔لاہور جم خانہ کی طرف سے سلمان ملک نے دو جبکہ عاصم بچہ ،رائید خان اور امین خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔جواب میں لاہور جم خانہ نے 16.3اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 133رنز بنائے تھے کہ خراب روشنی کے باعث میچ ختم کر دیا گیا ،قوانین کے مطابق جس وقت کھیل ختم ہوا تو لاہور جم خانہ کا سکور چھ وکٹوں کے نقصان پر 200رنز ہونا چاہئے تھا جس پر نیشنل جم خانہ کو 67رنز سے فاتح قرار دیا گیا ۔لاہور جم خانہ کی طرف سے حسنین عالم 75،رائید خان 30اور منیب ظفر 16رنز بناکر نمایاں رہے ۔نیشنل جم خانہ کر کٹ کلب کی طرف سے حبیب الرحمن نے دو جبکہ نثار احمد،وقاص احمد اور شاہد اسلم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔

متعلقہ عنوان :