پاکستان اپنا مفاد دیکھے ورنہ انٹرنیشنل کرکٹ میں تنہا رہ جائیگا، رمیزراجہ

جمعرات 6 فروری 2014 13:44

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6فروری 2014ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پاکستان نے اگر بگ تھری معاملے پر اپنے مفادات کا خیال نہ رکھا تو کہیں انٹرنیشنل کرکٹ میں تنہا نہ رہ جائے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے کہاکہ تین ممالک کے بگ منصوبے کو صرف ایک ووٹ درکار ہے جو انہیں مل جائے گا۔

اگر پاکستان نے اپنے مفادات کا خیال نہ رکھا تو وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں تنہا رہ جائے گا۔ رمیز راجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو جذبات کے بجائے حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ بگ تھری پر پاکستان کو اپنا مفاد دیکھنا چاہئے کیونکہ سبھی ممالک ایسا کررہے ہیں۔ سابق کپتان نے کہاکہ آئی سی سی میں پاکستان کی آواز موثر نہیں کیونکہ پاکستان نے اپنی ساکھ بہتر بنانے کی سنجیدگی سے کوشش نہیں کی ہے۔

(جاری ہے)

رامیز راجہ نے کہاکہ بھارت بین الاقوامی کرکٹ میں بڑے حصے کا مطالبہ کررہا ہے تو یہ غلط نہیں ہے وہ بہت زیادہ مالی سہارا بھی فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئی سی سی فیصلہ سازی میں اپنی افادیت کھوچکی ہے کیونکہ اس میں سیاست غالب آجاتی ہے۔ رمیز راجہ نے ایسوسی ایٹ ممالک کے پیسوں میں کمی کے بارے میں کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ چند ایک کو چھوڑ کر ایسوسی ایٹ ممالک کی کرکٹ ٹوپی ڈرامہ ہے، کیونکہ ان ملکوں میں کرکٹ صرف تارکین وطن کھیلتے ہیں۔ یہ بات بھول جائیں کہ فرانس میں کرکٹ شروع ہوجائے گی اور چین عالمی چیمپیئن بن جائے گا۔ افغانستان میں کرکٹ کلچر نہیں ہے ان کے کئی کرکٹروں نے پشاور میں رہ کر کرکٹ سیکھی اور کھیلی ہے۔ اسی طرح کینیا کا حال بھی سب کو معلوم ہے۔

متعلقہ عنوان :