Live Updates

ڈرون حملوں کے خلاف تحریک انصاف کے دھرنے کو 75دن مکمل ،بدھ کو چارسدہ کے کارکنان نے ضلعی صدر ظہور خان کی قیادت میں دھرنا دیا

بدھ 5 فروری 2014 21:34

پشاور(رحمت اللہ شباب.اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 فروری ۔2014ء) تحریک انصاف کے زیر اہتمام ڈرون حملوں کیخلاف دھرنے کو 75روز مکمل ہو گئے ۔بدھ کو دھرنے کے 75ویں روز تحریک انصاف چارسدہ کے کارکنان نے ضلعی صدر ظہور خان اور بابائے دھرنا میجر فیاض خلیل کی قیادت میں دھرنا دیا ،اس موقع پر کارکنان کی بڑی تعداد سمیت اتحادی جماعتوں کے ارکان نے بھی شرکت کی۔

کارکنان نے ڈرون حملوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہاکہکارکنان سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ ڈرون حملے پاکستان کی خود مختاری ،سالمیت پر حملہ ہیں جبکہ یہ بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں امریکی غلام چور دروازے سے اقتدارمیں آتے ہیں اور ڈرون حملوں سمیت قومی غیرت کے کسی بھی معاملے پریہ حکمران بھیگی بلی بن جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

رہنماؤں نے کہاکہ ڈرون حملے وفاقی حکومت کی مرضی اور اجازت سے ہوتے ہیں۔یہ حکمران امریکیوں کے سامنے نظریں نہیں اٹھا سکتے بھلا یہ ڈرون حملے روکنے کی بات کیا کریں گے۔انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا ڈرون حملوں کیخلاف احتجاج اس وقت تک جاری رہیگا جب تک ڈرون حملے بند نہیں ہوتے۔انھوں نے کہا کہ ڈرون حملوں کی وجہ سے دہشتگردی بڑھتی ہے اور نتیجے میں پاکستانی عوام متاثر ہوتے ہیں ڈرون حملوں کیخلاف دھرنے کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں ختم کر سکتی۔نیٹو سپلائی روکنے کیلئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ایک کال پر ہر قربانی کیلئے تیار ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات