گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے چیئرمین انصار برنی ٹرسٹ اور انسانی حقوق کے نمائندے انصار برنی کی ملاقات ، انسانی حقوق کی مجموعی صورتحال، جیلوں میں قید بچوں کے حقوق اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیل سے تبادلہ خیال ،انسانیت سے بڑھ کر کوئی چیز مقدم نہیں، ملک میں بنیادی انسانی حقوق کو یقینی بنانے کے لئے ملکر کام کرنا ہوگا‘ چوہدری محمد سرور

بدھ 5 فروری 2014 20:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 فروری ۔2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے چیئرمین انصار برنی ٹرسٹ اور انسانی حقوق کے نمائندے انصار برنی نے گورنر ہاؤس لاہو ر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک میں انسانی حقوق کی مجموعی صورتحال، جیلوں میں قید بچوں کے حقوق اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ انسانیت سے بڑھ کر کوئی چیز مقدم نہیں اور ہمیں ملک میں بنیادی انسانی حقوق کو یقینی بنانے کے لئے ملکر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسے دین کے پیروکار ہیں جس نے انسانی حقوق کو سب سے زیادہ ترجیح دی ہے ۔ گورنر نے کہا کہ جیلوں میں سزا کاٹنے والی خواتین کے بچوں کے حقوق کا خیال رکھنے اور ان کو تعلیم، صحت اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں اس کے علاوہ ان کمسن بچوں کو پولیوکے قطرے بھی پلائے جائینگے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے انصار برنی کی کوششوں کو سراہا اور اس سلسلے اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر انصار برنی نے گورنر پنجاب کو گورنر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکبا د دیتے ہوئے کہا کہ ان جیسی متوازن شخصیت نہ صرف صوبہ پنجاب کی تعمیر و ترقی بلکہ قومی سطح پر فلاحی کاموں میں بھی پیش پیش ہیں۔ بعد ازاں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاؤس لاہور میں قصور سے تعلق رکھنے والے ٹینری ایسوسی ایشن کے وفد نے حاجی مقصود احمد کی قیادت میں ملاقات کی اور انہیں درپیش مسائل سے گورنر پنجاب کو آگاہ کیا۔

ملاقات میں ڈی سی او قصور سید جاوید اقبال بخاری، حاجی صفدر انصاری ، حاجی امجد حسین اور حاجی ذوالفقار شامل تھے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو تعلیم اور صحت کے ساتھ ساتھ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے پر عمل پیرا ہے جس کے لئے صوبے کے مختلف علاقوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیبات کا عمل تیزی سے جاری ہے۔اس موقع پر وفد نے گورنر پنجاب کو قصور کے مختلف علاقوں میں 4عدد واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیبات کے حوالے سے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ گورنر پنجاب نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے حکومت ہر ممکن کوشش کرے گی۔