Live Updates

جب تک سانس میں سانس ہے عوام کی خدمت کرتا رہوں گا،دن رات ایک کرکے ملک کے ا ندھیرے دورکرینگے‘ شہباز شریف، مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے،بجلی اور گیس چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران اربوں روپے کی چوری پکڑی گئی ہے،کرپشن فری کلچر (ن) کی پالیسی ہے ، سات ماہ میں کرپشن کا ایک کیس بھی سامنے نہیں آیا، معیشت کی مضبوطی کیلئے سخت فیصلے کرنے پڑے ہیں، ملک و قوم کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اجتماعی سوچ ،مشترکہ بصیرت سے آگے بڑھ رہے ہیں‘ وزیر اعلی کا (ن) کے اراکین اسمبلی اورکارکنوں سے خطاب

بدھ 5 فروری 2014 20:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 فروری ۔2014ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) پر عوام نے عام اور ضمنی انتخابات میں جو اعتماد کیا اس پر پورا اتریں گے، موجودہ حکومت ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے کوشاں ہے، قومی معیشت کی مضبوطی کے لئے سخت اور کڑے فیصلے بھی کرنے پڑے ہیں،بجلی اور گیس چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران اربوں روپے کی چوری پکڑی گئی ہے، ماضی کے حکمرانو ں کی غلط پالیسیوں اور توانائی کے مسئلے میں مجرمانہ غفلت کی بنا پر قوم اندھیروں میں ڈوبی ہے،موجودہ حکومت شبانہ روز محنت سے ملک کے ا ندھیرے دورکرے گی، کرپشن فری کلچر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پالیسی ہے ، گزشتہ سات ماہ میں کرپشن کا ایک کیس بھی سامنے نہیں آیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف ان خیالات کا اظہار بدھ کے روز پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی ، عہدیداروں اور کارکنوں کے ا جلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف، صوبائی وزیر آصف بہا،ضمنی انتخابات میں این اے69سے کامیاب ہونے والے ممبرقومی اسمبلی محمد عزیر ملک، سابق ایم این اے سمیرا ملک اور اراکین قومی وصوبائی اسمبلی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی ،عہدیداروں اورکارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ کااہم منصوبہ بھی سابق حکمرانوں کی لالچ اورحرص کے باعث التواء کا شکار رہا۔سابق حکمرانوں کی طمع کے باعث غریب قوم کے30 ارب روپے اضافی اس منصوبے پر خرچ کرنا پڑرہے ہیں۔ نندی پور پاورپراجیکٹ کا منصوبہ سابق حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت، کرپشن اور قوم کے ساتھ ظلم و زیادتی کی بد ترین مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے آتے ہی قومی اہمیت کے اس پاور پراجیکٹ کو بحال کیااور چینی کمپنی کواس منصوبے پرکام کرنے کے لئے دوبارہ راضی کیااوراب اس منصوبے پر دن رات کام جاری ہے اوراس سال مئی تک سوا سو میگا واٹ بجلی نندی پور پاور پراجیکٹ سے حاصل ہونا شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کوئلے، ہائیڈل، سولر اور دیگر ذرائع سے بجلی کے حصول کے منصوبوں پر بھی برق رفتار ی سے کام کر رہی ہے۔

بجلی کی پیدوار بڑھانے کے لئے کئی غیرملکی کمپنیوں سے معاہدے کئے گئے ہیں اورپنجاب میں کوئلے سے توانائی کے حصول کے لئے ایک بڑ ے منصوبے کا اعلان کیا گیا ہے۔ حکومت ملک و قوم کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اجتماعی سوچ اورمشترکہ بصیرت سے آگے بڑھ رہی ہے۔دہشت گردی اورا نتہاء پسندی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے بھی موثر اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشاء الله ملک سے دہشت گردی اور بجلی کے بحران کا خاتمہ ہوگا اورپاکستان اپنی حقیقی منزل کی طرف رواں دواں ہوگا۔

جب تک سانس میں سانس ہے عوام کی خدمت کرتا رہوں گا ۔محنت، دیانت اور امانت کو شعار بنا کر پنجاب کو تاریخی اور مثالی ترقی سے ہمکنار کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے والے صفحہ ہستی سے مٹ جاتے ہیں۔ ہماری کامیابی کا تقاضا ہے کہ کمربستہ ہوکر دن رات عوام کی خدمت کی جائے۔پارٹی کارکن ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جن کی تجاویز بڑی اہمیت رکھتی ہیں۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے حلقہ این اے 69سے کامیابی پر محمد عزیر ملک کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر ایم این اے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ عوام وزیر اعظم محمد نوازشریف سے محبت کرتے ہیں۔پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نوازشریف کی قیادت میں عوام کی بے لوث خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔ نومنتخب ا یم این اے محمد عزیر ملک نے کہا مجھ پرپارٹی قیادت اور عوام نے جو اعتماد کیا ہے اس پر پورا اتروں گا۔ ا س موقع پر مسلم لیگ ن کے عہدیداران وکارکنوں نے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کے صوبے کے عوام کے لئے ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف نے دن رات عوام کی خدمت کر کے ان کے دل جیت لئے ہیں۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات