کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، جب تک شہ رگ ہندؤوں کے قبضہ میں ہے پاکستان کی تکمیل ممکن نہیں،سراج الحق،ملک میں اسلحہ اور بارود کا کھیل پاکستان دشمنوں کا ایجنڈا ہے امریکی لابی مذاکرات کو ناکام بنانے کی کوششیں کر رہی ہے،ریلی سے خطاب

بدھ 5 فروری 2014 20:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 فروری ۔2014ء) خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر و نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور جب تک شہ رگ ہندؤوں کے قبضہ میں ہے پاکستان کی تکمیل ممکن نہیں کشمیری عوام نے جو جدوجہد آزادی کی تحریک شروع کر رکھی ہے اپنے خون کے آخری قطرے تک دے کر اس کو روشن رکھیں گے پاکستان کے حکمرانوں نے ہمیشہ کشمیری کاز سے غداری کی ہے جماعت اسلامی طالبان سے مذاکرات کیلئے قائم کمیٹی کی مکمل حمایت کرتی ہے اگر مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی تو یہ پاکستان سے دشمنی کے مترادف ہوگا ملک میں اسلحہ اور بارود کا کھیل پاکستان دشمنوں کا ایجنڈا ہے امریکی لابی مذاکرات کو ناکام بنانے کی کوششیں کر رہی ہے مولانا فضل الرحمان ،عمران خان سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکراتی عمل میں حصہ لینے کی درخواست کرتے ہیں وہ پشاور میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ریلی سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور بحراللہ خان ، جنر ل سیکرٹری حمداللہ جان ، سابق ممبر قومی اسمبلی صابرحسین اعوان ، سابق صوبائی وزراء کاشف اعظم ، حافظ حشمت خان اور دیگر قائدین بھی موجود تھے جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ریلی کا آغاز ہشتنگری چوک سے شروع ہوا اور جی ٹی روڈ سے ہوتے ہوئے چوک یادگار اشرف روڈ پر جلسے کی شکل اختیار کی سینئر وزیر سراج الحق نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اب تک کشمیر میں بیس ہزار سے زائد خواتین کی عصمت دری کی گئی ہے ہزاروں نوجوانوں نے اپنے جانوں کے نذرانے پیش کئے 85 سالہ سید علی گیلانی گزشتہ بارہ سالوں سے نظر بند ہے اور تشدد سے ان کی پسلیاں ٹوٹ چکی ہیں لیکن وہ نہ جھک گئے ہیں اور نہ تھک گئے ہیں لیکن پاکستان حکمران کشمیریوں کے سروں کا سودا کر رہے ہیں اور ہندوستان سے دوستی کی پھینگیں بڑھا رہے ہیں انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ اپنے قراردادوں پر عمل درآمد کویقینی بنائیں اور کشمیری عوام کو ان کے مرضی کے مطابق حق خوداردیت دیں سات لاکھ ہندوستانی فوج کو کشمیر سے باہر نکالیں انہوں نے کہا کہ اگر دیوار برلن کی طرح کشمیر میں دیوار بنانے کی کوشش کی گئی تو اس کو تعمیر نہیں کرنے دیں گے سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پشاور کی عوا م کی طرف سے کشمیریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ اگر حکمران کشمیریوں سے غدار ی کر رہے ہیں لیکن پشاور کے عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں انہوں نے کہاکہ پاکستان میں امن مذاکرات کی ناکامی پاکستان کی ناکامی ہوگی اور پاکستان کی ناکامی پوری امت مسلمہ کی ناکامی ہوگی پاکستان کے حکمران اور طالبان کمیٹی کو اختیار دیں تاکہ مضبوط بنیادوں پر فیصلہ ہو سکے ۔