صوبے میں نشے کے عادی افراد کے لئے قائم محکمے جلدبحال ہوجائیں گے،مہرتاج روغانی،تشکیل شدہ کمیٹیو ں کے ارکان فوری طور پر نشئی افرادکی دوبارہ بحالی کے لئے عملی اقدامات شروع کریں ،اجلاس سے خطاب

بدھ 5 فروری 2014 20:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 فروری ۔2014ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی معاون خصوصی برائے سماجی بہبود و خصوصی تعلیم پروفیسر ڈاکٹر مہر تاج روغانی نے محکمہ سماجی بہبود کے اعلیٰ حکام کو حکم دیا ہے کہ وہ صوبے میں نشے کے عادی افراد کے لئے قائم محکمے کے بحالی مراکز کی حالت زار کا اندازہ لگانے اور ان مراکزکو فعال بنانے کے سلسلے میں فوری طور پر ایک ٹیم تشکیل دیں تاکہ وہ ان مراکز کے ہنگامی بنیادوں پر دورے کیاکریں اور معلومات حاصل کر کے محکمے کے اعلیٰ حکام کو ان مراکزکی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلات فراہم کریں۔

یہ احکامات منگل کے روز انہوں نے نظامت سماجی بہبود میں منشیات کے عادی افراد کے امور سے متعلق منعقد ہونے والے ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محکمہ کے افسران کو صادر کئے۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی نے اجلاس میں نشے کے عادی افراد کو دوبارہ معاشرے کا مفید شہری بنانے اور ان کی نفسیاتی و جسمانی بحالی کے لئے محکمہ جات سماجی بہبود،صحت،انتظامیہ،قانون،داخلہ کے حکام اور بحالی کے لئے سرگرم عمل سماجی تنظیمو ں کے نمائندوں پر مشتمل تین کمیٹیاں بھی تشکیل دیں جن میں ایک کمیٹی محکمہ سماجی بہبود،دوسری محکمہ داخلہ و انتظامیہ جبکہ تیسری کمیٹی محکمہ صحت کے حکام و غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں پر مشتمل ہوگی۔

معاون خصوصی نے اجلاس میں نئی تشکیل شدہ کمیٹیوں کے ممبران کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر نشئی افرادکی دوبارہ بحالی کے لئے عملی اقدامات شروع کریں اور سب سے پہلے پشاور شہر سے اس کا آغاز کیا جائے۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں چھ چھ جبکہ ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں تین تین بستروں پر مشتمل وارڈ نشئی افراد کے علاج معالجے کے لئے مختص ہونے چاہئیں جبکہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں 10بستروں پر مشتمل وارڈ کا قیام ناگزیر ہے ۔

اس موقع پر کمیٹی کے شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اس حوالے سے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے رجوع کیاجائے گا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے صوبے میں محکمہ کی زیر سرپرستی بحالی مراکز اور محکمہ کے نشئی افراد کی دوبارہ بحالی کے لئے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری سوشل ویلفیئر روح اللہ،ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر معتصم باللہ شاہ،محکمہ جات داخلہ، انتظامیہ، قانون، صحت کے اعلیٰ افسران اور انٹی نارکوٹکس فورس و دوست ویلفیئر فاؤنڈیشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔