حکومت اور طالبان میں امن مذاکرات کامیاب ہوتے نظر نہیں آتے ،غنویٰ بھٹو

بدھ 5 فروری 2014 17:14

جیکب آباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 فروری 2014ء) پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی چیئر پرسن غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ حکومت طالبان سے مذاکرات کرنے کی پوزیشن میں نہیں حکومت کی کمزور پوزیشن کی وجہ سے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کامیاب ہوتے نظر نہیں آرہے ،حکومت کو طالبان سے امن مذاکرات میں عوام کا اعتماد بھی حاصل نہیں،موجودہ حکومت امریکہ اور آئی ایم ایف سے بات کرنے کی بھی پوزیشن میں نہیں ہے ،میاں نواز شریف نے مسلم لیگ نواز کے ذریعے مذہبی جماعتوں کو فوج کے خلاف استعمال کیا جس کی وجہ سے نواز شریف کواپنی جمہوریت کی بھی قربانی دینی پڑی ،نواز شریف اپنے مقصد کی شریعت کا نفاذ چاہتے ہیں جو کہ جمہوری روایات اور ملکی قانون کے خلاف تھا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد کے دورے کے دوران حاجی احمد کھوسو کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صوبائی جنرل سیکریٹری سید اسلم شاہ، ندیم قریشی ، خالد برڑو، حاجی عباس رند دیگر موجود تھے،غنویٰ بھٹو نے کہا کہ خطے میں قیام امن کے لئے امریکی اور نیٹو افواج کا افغانستان سے انخلاء لازمی ہے ،خطے میں جو دہشتگردی ہے وہ امریکہ اور نیٹو افواج کی وجہ سے ہے ، انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے سب سے بڑی دہشتگردی ہیں ملک کے دفاع اور استحکام کے لئے ڈرون حملے روکنے ہونگے ، انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن کامیاب نہیں ہوگا کراچی کی عوام کو جب تک انصاف فراہم نہیں ہوگا امن کا قیام ممکن نہیں ،حکومت امن کمیٹی اور طالبان سے مذاکرات کررہی ہے پر ان کی کاروائیوں میں جاں بحق ہونے والے سیکورٹی فورسز سے ان کو کوئی ہمدردی نہیں ہے ،کراچی میں اس وقت امن قائم ہوگا جب وہاں کی عوام کو انصاف دیا جائے گا عوام کو معاشی اور اقتصادی انصاف فراہم کیا جائے ، تعلیم ،صحت اور بنیادی سہولیات سے عوام محروم ہے ،پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی چیئر پرسن غنویٰ بھٹو نے مزید کہا کہ موئن جو دڑو کی ثقافت امن، استحکام اوربرابری کا درس دیتی ہے مگر جو موئن جو دڑو پر ثقافتی دن منارہے ہیں انہیں ثقافت کا کچھ معلوم نہیں انہوں نے عوام کو کچھ نہیں دیا صرف ثقافت کے نام پر عوام کے پیسے کو ضائع کیا جارہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :