کشمیریوں نے آگ اور خون کے دریا عبور کر لیے آزادی کی منزل قریب ہے،سید منور حسن

بدھ 5 فروری 2014 17:14

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 فروری 2014ء)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے آگ اور خون کے تمام دریا عبور کر لیے آزادی کی منزل قریب ہے کشمیریوں کی آزادی کی اس منزل کو دنیا کی کوئی طاقت کھوٹا نہیں کر سکتی،کشمیریوں نے 5لاکھ شہداء پیش کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر عبدالرشید ترابی ،تحریک حریت کے کنونیئر غلام محمد صفی،سابق ایم این اے میاں محمد اسلم،شمس الرحمن سواتی،سجاد عباسی اور دیگر قائدین نے خطاب کیا،سید منور حسن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے امسال بھی 5فروری پورے ملک میں بھرپور انداز سے منایا اور ملک کے کروڑوں لوگوں نے مسلمانان کشمیر سے اظہار یکجہتی کیا اور ان کے مستقبل کی شمع روشن کی،پاکستان کی پارلیمنٹ کشمیریوں کی حمایت میں قرارداد منظور کی ہے ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں اصولی موقف پر ڈٹے رہنا اور کشمیریوں کے زخموں پر مرہم رکھنا اہل پاکستان کی ذمہ داری ہے،انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں مسلمانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے کس کس کا نام لیا جائے افغانستان ،کشمیر ،مصر،فلسطین،بنگلہ دیش ،شام ہر جگہ استعمار مسلمانوں کو ان کو کے عقیدے سے ہٹانے کے لیے قتل عام کر رہا ہے،انہوں نے کہا کہ امریکہ کا افغانستان میں قبرستان بن چکا ہے دنیا کی 62فیصد فوج لے کر افغانستان میں آیا اور شکست خردہ ہو کر واپس جا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو جنوبی ایشیا میں تھانے دار بنانے کی امریکی کوشش بھی ناکام ہو گی کشمیر میں سید علی گیلانی کی قیادت میں پوری قوم آزادی کا پرچم تھامے منزل کی طرف گامزن ہے انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے کشمیر کے اندر ہزاروں کشمیریوں کو ماورائے عدالت شہید کیا کالے قوانین کے ذریعے فوج بد ترین مظالم ڈھا رہی ہے اس کے باوجود بھی کشمیر ی جذبہ آزادی سے سرشار ہو کر جدوجہد آزادی میں مصروف ہیں،پاکستان اور جماعت اسلامی پاکستان کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں منزل کے حصول تک جماعت اسلامی کشمیریوں کے ساتھ رہے گی،جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ نوازشریف نے ہندوستان کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دی ہے ہندوستان مذاکرات کے سارے مواقع ضائع کر چکا ہے،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ قاضی حسین احمد کا 5فروری کا دن صدقہ جاریہ ہے بھارتی مظالم سے تنگ ہزاروں کشمیری بیس کیمپ میں آئے تو ان کا کوئی پرسانے حال نہیں تھا اس موقع پر قاضی حسین احمد نے اہل کشمیر کے حوصلے بلند کرنے کے لیے یہ دن منانے کا اعلان کیا آج 24سال سے مسلسل منایا جا رہا ہے اور یہ کشمیر کی آزادی کا شعار بن چکا ہے اس دن پوری پاکستان قوم کشمیر ی قوم اورے کہ کشمیری ہندوستان کو یہ پیغام دیتی ہے کہ کشمیر ی آزادی کی جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں پوری پاکستا نی قوم ان کی پشت پر ہے،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو یہ سعادت حاصل ہے کہ اس کے کارکنوں کے دو دو تین بچے مقبوضہ کشمیر میں شہید ہوئے اور مقبوضہ کشمیر کے ہر پاکستان میں پاکستانی شہداء کی قبریں موجود ہیں،انہوں نے کہا کہ یہ شہداء کے خون کا معجزہ ہے کہ جنرل مشرف کے یوٹرن کے باوجود اوریہاں سے مایوسی کے پیغامات کے باوجود کشمیر کا بچہ بچہ آزادی کے لیے پر عزم ہے 85سالہ سید علی گیلانی ہو یا 10سالہ سکول کا بچہ آزادی کا پرچم اٹھائے ہوئے ہے انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے اندر سے 65فیصد عوام ہندوستان کی حکومت اور برہمنوں کا یہ پیغام دے رہی ہے کہ کشمیر ان کا اٹوٹ انگ نہیں ہے،دنیا کا کوئی بھی ملک بھارت کے اس دعوے کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہے،دنیا کا امن اس وقت ہو گا جب مسئلہ کشمیر حل ہو گا دنیا کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے ہندوستان سازشوں کے ذریعے درجنوں کے ڈیمز بنا کر پاکستان کو بنجر صحرا میں تبدیل کرنا چاہتا ہے نواز شریف قائداعظم کی پالیسی کا احیا کرتے ہوئے ہندوستان کو دنیا میں بے نقاب کرتے ہوئے ٹھوس حکمت عملی اپنائے،اس موقع پر غلام محمد صفی نے اہل پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کشمیری کسی بندر بانٹ کو تسلیم نہیں کریں گے اور نہ ہی جنرل پرویز مشرف کے چار نکاتی فارمولے کو مانتے ہیں اور نہ ہی آلو پیاز کی تجارت کو قبول کریں گے انہوں نے کہا کہ جس طرح امریکہ نے کہا تھا کہ پاکستان ہمارے ساتھ ہے یا دشمنوں کے ساتھ ہے اسی طرح کشمیری بھی کہہ رہے ہیں کہ حکومت پاکستان کو یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ وہ ہندوستان کے ساتھ ہے یا کشمیریوں کے ساتھ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہوا ہے کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ ہیں،سابق ایم این اے میاں محمد اسلم نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے میاں محمد نواز شریف کو ہندوستان کے سامنے گھٹنے ٹیکنے کا مینڈیٹ نہیں دیا بلکہ جرت کے ساتھ مسائل حل کرنے اور کشمیرکو آزاد کروانے کا مینڈیٹ دیا ہے انہوں نے کہا کہ کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں،اس موقع پر سجاد عباسی،شمس الرحمن سواتی،رضااحمد شاہ،کاشف چوہدری،وقاص احمد اور دیگر قائدین نے خطاب کیا۔