پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے پارٹنر سکولوں کو کمپیوٹرلون کی فراہمی

بدھ 5 فروری 2014 15:26

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 فروری 2014ء) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن فروغ تعلیم میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو اہم معاون کے طور پراستعمال کر رہی ہے،اس پالیسی کا مقصد انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مستعد استعمال سے بے وسیلہ اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے طالب علموں میں تعلیم عام کرنا اور انہیں جدید تبدیلیوں سے آگاہ رکھنا ہے۔یہ بات پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی مینجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر انیلا سلمان نے ”نیو سکول پروگرام “کے فیزایک تا تین سے منسلک نجی سکولوں کے مالکان میں کمپیوٹرز کی خریداری کے لئے آسان شرائط پرقرضے کی فراہمی کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر (فنانس) سلمان انور ملک، ایڈیشنل ڈائریکٹر (نارتھ زون )سید نوید عباس ،ڈپٹی ڈائریکٹر منیب عالم اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی ڈاکٹر انیلاسلمان نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے اپنے 34 سو پارٹنر سکولوں میں زیر تعلیم 14 لاکھ طالب علموں کا مکمل کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا بنک تیار کر لیا ہے جس سے نئی تعلیمی پالیسی سازی میں مدد معاونت ملے گی۔

اسی طرح ایجوکیشن ووچر سکیم کے طالب علموں کی آن لائن حاضری کا پائلٹ پراجیکٹ لاہور سے لانچ کر دیا گیا ہے ۔ڈاکٹر انیلا سلمان نے کہا کہ پارٹنر سکولز پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے اشتراک سے بے وسیلہ گھرانوں میں تعلیم عام کر کے اہم خدمت سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعلیمی ماڈل سے صوبے میں غربت و جہالت کا مکمل خاتمہ ہو گا اور مستحق طالب علم کی تعلیم تک رسائی ہوگی ۔

قبل ازیں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر (فنانس) سلمان انور ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس قرضے کی فراہمی کا مقصد کمپیوٹرز کی خریداری ہے۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن مجموعی طور پر” نیوسکول پروگرام“ سے منسلک 183سکولوں کو کمپیوٹرکی خریداری کے لئے قرض کی سہولت مہیا کرے گی۔بعد ازاں انہوں نے میانوالی ،چنیوٹ، خوشاب ، سرگودھااور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے 28 پارٹنر سکولوں کے مالکان میں 50 ہزار فی کس کے چیک تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :