حکومت کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلانے کیلئے سفارتی کوششوں کو آغاز کرے‘ پیپلز پارٹی

بدھ 5 فروری 2014 15:21

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 فروری 2014ء)حکومت کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلانے کے لئے سفارتی کوششوں کو آغاز کرے ،موجودہ حکومت کشمیر کے معاملے پرجدوجہد نہیں کررہی اور بھارت سے یکطرفہ دوستی کی پینگیں بڑھائی جارہی ہے ، کشمیر کے معاملے پر سب سے پہلے مضبوط آواز ذوالفقار علی بھٹو نے اٹھائی تھی ۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں لاہور پریس کلب میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب سے نوید چوہدری ، الطاف قریشی ، بیرسٹر راجہ عامر اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ نوید چوہدری نے کہا کہ بھارت جمہوریت کا چمپئن بنتا ہے لیکن اسکی ناک کے نیچے جمہوریت کا حق چھینا جارہا ہے ۔کشمیربھارت کا اٹوٹ انگ نہیں بلکہ پاکستا ن اور بھارت کے درمیان متنازعہ معاملہ ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت پاکستان کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلانے کے لئے سفارتی کوششوں کا آغاز کرے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ طالبان سے مذاکرات نہیں ہونے چاہئیں بلکہ ان سے ان کی زبان میں بات کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی کہا تھاکہ عمران خان طالبان خا ن اوریہ دستانے پہن کر طالبان سے ہاتھ ملاتے ہیں لیکن اندر سے یہ ایک ہی ہیں۔ حالیہ دنوں میں انکا کردار واضح ہو گیا ہے۔ الطاف قریشی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے کہا تھاکہ کشمیر کے لئے ایک سال تک بھی جنگ لڑنا پڑی تو لڑیں گے ۔ کشمیری پاکستان کے ساتھ ملنا چاہتے ہیں اور انہیں یہ حق ملنا چاہیے ۔ بیرسٹرراجہ عامر نے کہا کہ پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے اور اعادہ کرتی ہے کہ انکے لئے ہر فورم پر آوازبلند کی جائے گی ۔ سیمینار میں کشمیر یوں سے اظہار یکجہتی کے لئے قراردادیں بھی منظوریکی گئیں اور دعا بھی کرائی گئی ۔