Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کے منتخب ممبران اسمبلی کارکنان کو قدر دیں‘یاسین ملک

بدھ 5 فروری 2014 15:18

درگئی( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 فروری 2014ء ) پاکستان تحریک انصاف کے منتخب ممبران اسمبلی کارکنان کو قدر دیں ۔ مخلص کارکنان کو دیوار سے لگانے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے۔ تحریک انصاف کی ملک بھر میں انتخابی کامیابی پارٹی کے کارکنان اور انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے طلباء کی مرہون منت ہے۔ منتخب ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کارکنان کو نظر انداز کرتے رہے تو وہ دن دور نہیں کہ پی ٹی آئی کا بھی دیگر سیاسی پارٹیوں کی طرح حشر ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی جنرل سکرٹری یاسین ملک نے پی ٹی آئی مالاکنڈ کے رہنماء مرزا خان اتمان خیل ، حاجی جعفر خان ، ضلعی صدر آئی ایس ایف مالاکنڈ محمد فواد خان ، تحصیل صدر آئی ایس ایف درگئی محمد طارق خان اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ درگئی میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مرزاء خان اتمان خیل نے پی ٹی آئی کے منتخب قیادت کی بعض پالیسیوں کے سبب پیدا ہونے والی ناراضگی ختم کرنے کا اعلان کیا اور آئی ایس ایف کے وفد کا مصالحتی کردار اداء کرنے پرشکریہ بھی اداء کیاتاہم انہوں نے پی ٹی آئی مالاکنڈ کے منتخب ایم این اے و ایم پی اے سے پر زور مطالبہ کیا کہ وہ پارٹی کو کسی فرد وا حد کی جاگیر نہ بنائیں اور تمام کارکنان کو عزت دینے کے لئے کردار ادا کریں ۔

آئی ایس ایف کے صوبائی سکرٹری جنرل یاسین ملک نے اس موقع پر پی ٹی آئی کے صوبائی قیادت سے بھی پر زور مطالبہ کیا کہ وہ تحریک انصاف مالاکنڈ کے سینئر کارکنان کے تحفظات دور کرنے کے لئے اقدامات کریں اور مالاکنڈ کی تعمیر و ترقی کے لئے ان کارکنان کی رائے اور مشاورت کی قدر کریں بصورت دیگر آئی ایس ایف کے عہدیدار اور کارکنان پی ٹی آئی کے ان رہنماؤں کے ساتھ ہوں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات