لیبر قوا نین پر عملدرا ٓمد نہ کر نے وا لی تما م فیکٹریو ں کے خلا ف کا ر وا ئی کی جا ئے ۔نو ر محمد لغا ر ی

بدھ 5 فروری 2014 15:17

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 فروری 2014ء سیکرٹری محنت حکومت سندھ نور محمد لغاری نے کہا ہے کہ حکومت صوبے میں پیشہ وارانہ صحت و سلامتی سے متعلق تمام امور کی انجام دہی کے لئے پابند ہے۔ محنت کشوں کی صحت و سلامتی کے لئے حکومت تمام وسائل کو بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے محکمے کے تمام افسران کو ہدایات کی کہ وہ صوبے کی تمام نئی اور پرانی فیکٹریوں کے دورے کریں اور وہاں کام کرنے والے ملازمین کی صحت اور سلامتی کو نہ صرف یقینی بنائیں بلکہ محنت کشوں کے لئے بنائے گئے قوانین پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو محکمہ محنت میں منعقدہ جوائنٹ ایکشن پلان برائے پیشہ وارانہ صحت و سلامتی کے تحت قائم شدہ اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے کنٹری ڈائریکٹر فرانسیسیکو ڈی او ویڈیو، ایمپلائیز فیڈریشن آف پاکستان کے صدرخواجہ نعمان، پاکستان ورکرز فیڈریشن کے ریجنل جنرل سیکرٹری قاضی تنویر احمد نے اپنے اپنے وفود جبکہ لیبر ڈائریکٹر پائیلر، سیسی، اوکیوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ کنسلٹنٹ اور پی اینڈ ڈی کے نمائندوں سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر نور محمد لغاری نے محکمہ محنت کے افسران کو خصوصی ہدایات کی کہ صوبے میں قائم جو فیکٹریاں قوانین کے برخلاف اور ملازمین کی صحت اور سلامتی کے امور کو مدنظر نہیں رکھ رہی ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ اجلاس میں تفصیلی مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں پیشہ وارانہ صحت و سلامتی کے متعلق پالیسی کا حتمی ڈرافٹ آئندہ ایک ماہ کے اندر تیار کرکے اسے منظوری کے لئے صوبائی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔

اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ صوبے میں قائم تمام پرانی فیکٹریوں کی ازسر نو سروے کیا جائے گا اور وہاں کام کرنے والے ملازمین کی صحت و سلامتی کے بارے میں نکات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں موجود تمام فریقین نے یہ بھی منظور کیا کہ اس جوائنٹ ایکشن پلان پر کامیابی سے عمل درآماد کے لئے درکار فنڈز کے حصول کے لئے تمام ممکنہ ذرائع اختیار کئے جائیں گے۔

جبکہ اجلاس میں موجود شرکا نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ جوائنٹ ڈائریکٹر محنت سید علی اشرف نقوی کو جوائنٹ ایکشن پر کامیابی سے عمل درآمد کے لئے فوکل پرسن کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ اجلاس میں تمام فریقین نے سیکرٹری محنت کواپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور صوبے میں کام کرنے والے ملازمین کی صحت اور سلامتی کے لئے کئے جانے والے تمام اقدامات میں اپنے بھرپور ساتھ کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :