پشاور ، کوچہ رسالدار میں ہوٹل میں خود کش بم دھماکہ ، 9افراد جاں بحق ، 42افراد زخمی، طالبان کا دھماکہ سے لاتعلقی کا اظہار ، ہم بے گناہ لوگوں کو نشانہ نہیں بناتے ، ترجمان شاہد اللہ شاہد

منگل 4 فروری 2014 22:07

پشاور ، کوچہ رسالدار میں ہوٹل میں خود کش بم دھماکہ ، 9افراد جاں بحق ، ..

پشاور(رحمت اللہ شباب۔اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4 فروری ۔2014ء) پشاور کے علاقے کوچہ رسالدار میں ہوٹل میں خودکش دھماکا ہوا ہے ،جس میں 9 افراد جاں بحق، 41 زخمی ہوگئے ۔پولیس کے مطابق قصہ خوانی بازار کے قریب کوچہ رسالدار میں پاک ہوٹل کے اندر خودکش دھماکا ہوا جس میں 9افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 42 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا ۔

جاں بحق ہونے والوں میں سفر علی، ممتاز حسین، سید حسین، سید حسن، نور قمبر، عون علی ، حسن علی اور معصم علی شامل ہیں جاں بحق ہونے والوں کا تعلق کرم ایجنسی کی تحصیل اپر کرم کے علاقے پارہ چنار سے ہے۔ زخمیوں میں سے دس کی حالت نازک ہے۔ زخمیوں میں پانچ بچے، چھ خواتین شامل ہیں۔ ایس پی سٹی فیصل مختار کے مطابق دھماکا خودکش تھا ۔

(جاری ہے)

خودکش حملہ آور کے جسم کے اعضاء مل گئے۔

دھماکے سے ہوٹل مکمل طور پر تباہ ہوگیا ۔جبکہ قریبی گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے ،عینی شاہد کے مطابق خودکش حملہ آور کی عمر 18 سے 20 سال تھی ، حملہ آور نے اپنا چہرہ ڈھانپ لیا تھا ۔وہ دوڑ کر ہوٹل کے اندر داخل ہوگیا ،اسی دوران دھماکا ہوا، دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے دھماکہ سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے، جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم بے گناہ لوگوں کو نشانہ نہیں بناتے، یہ دھماکہ کسی تیسری قوت کی کارروائی ہے۔