ڈاکٹر جذبہ خدمت خلق کے تحت اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں،عبدالصبور کاکڑ ،ہرنائی میں غیرحاضر ڈاکٹر اور دیگر اسٹاف کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی، سیکرٹری صحت بلوچستان

منگل 4 فروری 2014 21:52

ہرنائی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4 فروری ۔2014ء) صوبائی سیکریٹری صحت عبدالصبور کاکڑ نے کہا ہے کہ ڈاکٹر جذبہ خدمت خلق کے تحت اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں۔ چند غیرحاضر ڈاکٹروں کی وجہ سے اس مقدس پیشہ سے وابستہ افراد کے بارے میں عوام میں غلط رائے پائی جاتی ہے۔ ہرنائی میں غیرحاضر ڈاکٹر اور دیگر اسٹاف کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس سلسلے میں رپورٹنگ آفیسران کی غفلت بھی ان کی مددگار ثابت ہورہی ہیں جس کی وجہ سے غیرحاضر عملہ کاروائی سے بچ جاتا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گذشتہ روز ہرنائی کے مختلف طبی مراکز کے اچانک دورے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بہت دکھ ہوا ہے کہ خواتین ڈاکٹر بھی ڈیوٹی سے غیرحاضر ہیں جس پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ایم ایس ڈی ایچ او کی سخت سرزنش کی کہ ان کی کمزور رپورٹنگ کی وجہ سے ڈاکٹراکثر اپنی ڈیوٹی پر نہیں آتے ہیں جس کا خمیازہ غریب عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے غیرحاضر ڈاکٹروں کے خلاف فوری کاروائی کا حکم دیا ۔ اس موقع پر انہوں نے نئے اور پرانے ہسپتال کے مختلف شعبوں کی خستہ حالی پر بھی برہمی کا اظہار کیا اوردورے کے دوران معلوم ہوا کہ کروڑوں روپے کی مشینری جن میں الٹراساؤنڈ اور ایکسرے مشینیں شامل ہیں کافی عرصے پہلے مہیا کی گئی تھیں تاحال نصب نہیں کی گئیں،انہوں نے متعلقہ حکام کو مذکورہ مشینیں ایک ہفتے کے اندر نصب کرنے اور رپورٹ کرنے کو کہا ۔

بی ایچ یوز ہرنائی کے دورے کے موقع پر ڈاکٹر اور دیگر عملے کی غیرحاضری کا نوٹس لیتے ہوئے پی پی ایچ آئی کے حکام سے اس حوالے سے رپورٹ طلب کی۔ صوبائی سیکریٹری نے محکمہ صحت کے ڈاکٹروں اور دیگر اسٹاف کے لئے مختص بنگلوں اور مکانات میں دیگر محکموں کے آفیسران کی رہائش کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے فوری طور پر واگزار کرانے کا حکم دیا تاکہ یہ بنگلے محکمہ صحت کے متعلقہ ڈاکٹروں کو الاٹ کئے جاسکیں۔ انہوں نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ محکمہ صحت کے ضلعی دفاتر اور ضلعی ہیلتھ آفیسران وعملہ کی ہفتہ وار رپورٹ مرتب کیا کریں تاکہ طبی سہولیات کے حوالے سے ضلع میں مثبت اصلاحات کی جاسکیں۔

متعلقہ عنوان :