بگ تھری کے معاملے پر پاکستانی موقف کی بھر پور ترجمانی کی ہے ، بھارت کا حملہ پسپا کر دیا ہے ، ذکاء اشرف ، معاملے کو سفارتی سطح پر حل کرنے کے لئے کوششیں تیز کی جائیں گی ، مشیر خارجہ نے بھی یقین دہانی کرائی ہے ، کرکٹ بورڈ کے سرپرست اعلیٰ وزیر اعظم سے ملاقات کا وقت مانگا ہے توقع ہے جلد ملاقات ہوجائے گی ، میڈیا سے گفتگو

منگل 4 فروری 2014 21:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4 فروری ۔2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین چوہدری ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ بگ تھری کے معاملے پر پاکستانی موقف کی بھر پور ترجمانی کی ہے اور آئی سی سی کے اجلاس میں بھارت کا پہلا حملہ پسپا کردیا ہے اس معاملے کو سفارتی سطح پر حل کرنے کے لئے کوششیں تیز کی جائیں گی جس کے لئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نیشنل پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سرپرست اعلیٰ وزیر اعظم محمدنواز شریف سے ملاقات کا وقت مانگا ہے توقع ہے کہ جلد ملاقات ہوجائے گی۔ جن کی سرپرستی میں کرکٹ کی ترقی کے لئے پاکستان کے کرکٹ کے بہترین مفا د میں فیصلے کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدلیہ نے کام سے روکا تھا اور عدلیہ کے حکم پر ہی دوبارہ کام کر رہا ہوں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیداروں کا انتخاب جمہوری عمل کے ذریعے ہوتا ہے توقع ہے کہ جمہوری طریقہ کار کا احترام کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بگ تھری کے لئے دو دن کی انتھک محنت اور تمام فریقین سے ملاقاتوں کے بعد پانچ رکن ممالک کو ہم خیال بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ اور پہلا ہلہ پسپا کرنے کے بعد مکمل کامیابی بھی ہمیں حاصل ہوگی جس کے لئے 8 فروری کو سنگا پور میں آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کے لئے جا رہے ہیں ایک سوال کے جواب میں ذکاء اشرف نے کہا کہ فیصلے میرٹ اور کارکردگی کی بنیاد پر کر رہے ہیں اور کپتان مصباح الحق کی کارکردگی بہتر ہے اس لئے تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کوچز کی تعیناتی کے لئے اشتہار جاری کر دیا ہے وسیم اکرم کی سربرا ہی میں کمیٹی اس کا فیصلہ کرے گی۔ذکا اشرف نے کہاکہ انہیں پہلے عدلیہ نے کام کرنے سے روکا تھا اور پھر اسی نے کام کرنے کی اجازت دے کر دوبارہ عزت بخشی جس کے لئے وہ عدلیہ کے شکر گزار ہیں۔

متعلقہ عنوان :