کراچی اسٹاک ایکسچینج میں مندی،سرمایہ کاروں کے74ارب سے زائد روپے ڈوب گئے

منگل 4 فروری 2014 20:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4 فروری ۔2014ء) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں ایک روزہ تیزی کے بعدکاروباری ہفتہ کے دوسرے روزمنگل کو شدید اتار چڑھاؤ کے بعد مندی رہی اور کے ایس ای100انڈیکس 26900اور26800پوائنٹس کی نفسیاتی حدوں سے گرگیا۔سرمایہ کاروں کے74ارب سے زائد روپے ڈوب گئے اورسرمائے کا حجم66کھرب روپے سے کم ہو کر65کھرب روپے کی سطح پر آگیا ۔کاروباری ہفتہ کے دوسرے روز کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کام کا آغاز منفی ہوا، ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کی مارکیٹ میں عدم دلچسپی کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس سمیت کے ایس ای30انڈیکس اورکے ایس ای آل شےئرز انڈیکس پر بھی مندی کے بادل چھائے رہے ۔

ایک موقع پر ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100 انڈیکس200سے زائد پوائنٹس کی کمی سے26 ہزار 600 پوائنٹ کی کم ترین سطح پر آگیا تاہم پیٹرولیم ،سیمنٹ ،فرٹیلائزر میں معمولی سرمایہ کاری نے دوبارہ انڈیکس کو26700پوائنٹ پر بحال تو کر دیا لیکن کاروبار کا اختتام مندی پر ہو ا۔

(جاری ہے)

منگل کو کے ایس ای100انڈیکس میں 194.66 پوائنٹ کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس26946.11پوائنٹ سے کم ہو کر26751.45پوائنٹ پر آگیا جبکہ131.68پوائنٹ کی کمی سے کے ایس ای 30انڈیکس 19319.01پوائنٹ اور کے ایس ای آل شےئرز انڈیکس 20265.89پوائنٹ سے کم ہو کر20037.72پوائنٹ پر آگیا ۔

شدید کاروبار ی مندی کے نتیجے میں مارکیٹ کے سرمائے میں74ارب46کروڑ سے زائد روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 66کھرب14ارب34کروڑ43لاکھ24ہزار862روپے سے کم ہو کر65کھرب39ارب87کروڑ46لاکھ86ہزار851روپے ہو گیا ۔منگل کو مارکیٹ میں 30کروڑ سے زائد حصص کا کاروبار ہوا جبکہ پیر کو29کروڑ21لاکھ حصص کا لین دین ہوا تھا ۔کراچی اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو مجموعی طور پر383کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے116کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،252میں کمی اور15کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں ۔

کاروبار کے لحاظ سے جہانگیر صدیق کمپنی6کروڑ6لاکھ ،ازگارڈ نائن2کروڑ41لاکھ ،بائیکو پیٹرولیم1کروڑ86لاکھ ،پاور سیمنٹ لمیتڈ 1کروڑ12لاکھ اور پیس پاک لمیٹڈ89لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ۔قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے موری بریورے کے بھا ؤ میں22.70 روپے اور سیمنٹ پاکستان کے بھاؤ میں22.24روپے کا اضافہ جبکہ نیسلے پاکستان کے بھاؤ میں592.80روپے اور باٹا پاکستان کے بھاؤ میں163.99روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ۔