”کینسر کے مریض اور اہل خانہ پر جو گزرتی ہے‘ وہی جانتے ہیں“،وزیراعلیٰ کی گفتگو سن کر حاضرین کی آنکھیں بھرآئیں،اللہ تعالیٰ شہبازشریف کو کار خیر کا اجر دے گا…مریضوں کی دعائیں

منگل 4 فروری 2014 20:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4 فروری ۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے مقامی ہوٹل میں عالمی کینسر ڈے کے موقع پر کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کے پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے فی البدیہہ اردو اور انگریزی زبان میں خطاب کیا- وزیراعلیٰ نے کینسر کے مریضوں اوران کے اہل خانہ کو پیش آنے والی مشکلات اورکرب ناک صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ وہ خود بھی کینسر کے مریض رہے ہیں- کینسر کے مریضوں اوران کے اہل خانہ پر جوگزرتی ہے اس کا اندازہ صرف وہی خاندان کر سکتا ہے- وزیراعلیٰ نے دلگیر انداز میں کینسر کے مریضوں کو پیش آنے والی اذیت ناک صورتحال کا تذکرہ کیا اورمشکلات سے آگاہ کیا تو ہال میں موجود لوگوں کی آنکھیں نمناک ہوگئیں- وزیراعلیٰ نے تقریب کے دوران کینسر کے مریضوں میں مفت ادویات تقسیم کیں اور مریضوں کے ساتھ شفقت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی- مریضوں اور ان کے ا ہل خانہ نے مفت ادویات کی فراہمی کا پراجیکٹ شروع کرنے پر وزیراعلی پنجاب کے ا قدام کو سراہتے ہوئے کہاکہ شہبازشریف درد دل رکھنے والے انسان ہیں اور الله تعالیٰ انہیں اس کارخیرکا اجر دے گا۔