امریکا پاکستان کا اہم اتحادی ہے ،طالبان سے مذاکرات پر امریکا کو اعتماد میں لیا ہے ،سیکرٹری خارجہ اعزازاحمد چوہدری ،امریکا اور افغانستان سے متعلق پاکستان کی پالیسی مفاہمت پر مبنی ہے ، پاکستان افغانستان میں امن دیکھنا چاہتا ہے ، میڈیا سے گفتگو

منگل 4 فروری 2014 19:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4 فروری ۔2014ء) سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کا اہم اتحادی ہے جس کے باعث طالبان سے مذاکرات پر امریکا کو اعتماد میں لیا ہے۔منگل کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہاکہ امریکا خود بھی افغان طالبان سے مذاکرات کررہا ہے اور پاکستان کا اہم اتحادی ہونے کے باعث حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات پر امریکا کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکا اور افغانستان سے متعلق پاکستان کی پالیسی مفاہمت پر مبنی ہے اور پاکستان افغانستان میں امن دیکھنا چاہتا ہے۔اعزاز چوہدری نے کہاکہ لائن آف کنٹرول پر پاکستان اور بھارت کے مابین اعتماد سازی میں اضافہ ہوا ہے، پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھارت سے با معنی مذاکرات چاہتا ہے جب کہ دونوں ممالک کے درمیان لائن آف کنٹرو پر تجارت کی بحالی پر بھی بات چل رہی ہے۔کینسر کے عالمی دن کے حوالے سے اعزاز احمد نے کہاکہ وہ بھی کینسر جیسے موذی مرض سے بچ جانے والوں میں سے ایک ہیں اور مجھے فخر ہے کہ میرا علاج میرے اپنے ملک میں ہوا اور آج میں بالکل ٹھیک ہوں۔