اسلام آباد ،احتساب عدالت نے اوگرا تعیناتی کیس میں یوسف رضا گیلانی اور پرویزمشرف سمیت تمام ملزمان کو طلب کرلیا

منگل 4 فروری 2014 14:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 فروری 2014ء) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توقیر صادق کی بطور چیئرمین اوگرا تعیناتی کیس میں دو سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت تمام ملزمان کو اٹھارہ فروری کو طلب کر لیا۔منگل کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اوگرا کرپشن کیس کی سماعت کی، سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق عدالت میں پیش ہوئے ، نیب نے احتساب عدالت کے رجسٹرار کی جانب سے لگائے گئے اعتراضات دور کر کے دو ریفرنس عدالت میں جمع کرا دیئے۔

سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی تقرری اور اوگرا میں اربوں روپے کی کرپشن کے دو ریفرنسز جمع کرائے گئے۔توقیر صادق کی بطور چیئرمین اوگرا تقرری کے ریفرنس میں دو سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت چھ ملزم شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اوگرا کرپشن ریفرنس میں توقیر صادق سمیت بارہ ملزموں کو نامزد کیا گیا احتساب عدالت نے سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت چھ ملزموں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اٹھارہ فروری کو عدالت پیش ہونے کا حکم دیا ادھر رجسٹرارآفس نے تصدیق کی ہے کہ ریفرنس پر اعتراضات دور کردئیے گئے ہیں اوگرا میں اربوں روپے کی کرپشن کے ریفرنس میں بارہ ملزمان نامزد ہیں جن میں توقیر صادق، عقیل کریم ڈھیڈی، منصور ظفر، میرکمال بجارانی، جواد جمیل، ضیا، عبدالرشید لون، زوہیر صدیقی، عظیم اقبال صدیقی، سید ارسلان اقبال، یوسف انصاری اور مرزا محمود احمد شامل ہیں۔

سابق چیئرمین اوگرا کی غیر قانونی تقرری کے ریفرنس میں دو سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی، راجا پرویز اشرف، توقیر صادق ، شوکت درانی، جاوید نظیر، اور سکندر حیات میکن کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ سماعت کے بعد سابق چیئرمین اوگرا توقیرصادق نے میڈیا سے گفتگو کرنے کی کوشش کی جنہیں پولیس نے روک دیاتاہم ان کے بھائی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ میرے بھائی پرایک روپے کی کرپشن بھی ثابت ہو جائے تو میں بھی گرفتاری دینے کو تیارہوں۔