سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کے لئے (کل) پارلیمانی پارٹیوں کا اجلاس منعقد ہوگا

پیر 3 فروری 2014 20:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 فروری ۔2014ء) سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کے لئے منگل کو پارلیمانی پارٹیوں کا اجلاس منعقد ہوگا۔ یہ فیصلہ پیر کو سندھ اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) کے رکن سید خالد احمد کی تحریک استحقاق پر ہوا۔ سید خالد احمد نے اپنی تحریک استحقاق میں کہا کہ قانون کے تحت عام انتخابات کے بعد سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹیاں بشمول پبلک اکاؤنٹس کمیٹی قائم کرنا ضروری ہے۔

کئی ماہ گزر جانے کے باوجود یہ کمیٹیاں قائم نہیں کی گئی ہے۔ اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے میرا استحقاق مجروع ہوا ہے۔ وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر سکندر میندھرو نے تحریک استحقاق کی مخالفت کی اور کہا کہ یہ تحریک استحقاق نہیں بنتی ہے کیونکہ قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل اسمبلی کرتی ہے اس سے کسی ایک رکن کا استحقاق مجروع نہیں ہوتا بلکہ تمام ارکان پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

جب تک تمام پارلیمانی پارٹیاں مل کر نہیں بیٹھیں گی تب تک قائمہ کمیٹیاں قائم نہیں ہوں گی۔ اپوزیشن لیڈر فیصل علی سبزواری، ایم کیو ایم کے رکن سید سردار احمد اور مسلم لیگ (ن) کے پارلیما نی لیڈر عرفان اللہ خان مروت نے اس بات پر اتفاق کیا کہ منگل کو اس حوالے سے تمام پارلیمانی پارٹیوں کا اجلاس ہوگا، جس کے بعد مورخ نے اپنی تحریک استحقاق پر زور نہیں دیا اور یہ تحریک استحقاق نمٹا دی گئی۔

متعلقہ عنوان :