Live Updates

تحریک انصاف کے بعدجمعیت علماء اسلام (ف) نے بھی طالبان کی مذاکراتی کمیٹی میں شمولیت سے معذرت کر لی ، عمران خان اور مولانا فضل الرحمن کی معذت کے بعد تحریک طالبان نے مرکزی شوریٰ کا اجلاس کل طلب کر لیا، محمدخان اچکزئی اور دو وفاقی وزراء کے ناموں پر غور

پیر 3 فروری 2014 17:55

تحریک انصاف کے بعدجمعیت علماء اسلام (ف) نے بھی طالبان کی مذاکراتی کمیٹی ..

اسلام آباد، پشاور (رحمت اللہ شباب۔ اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3 فروری 2014ء) تحریک انصاف کے بعدجمعیت علماء اسلام (ف) نے بھی طالبان کی مذاکراتی کمیٹی میں شمولیت سے معذرت کر لی ہے تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے طالبان کی مذاکراتی کمیٹی میں عمران خان کی شمولیت مسترد کرتے ہوئے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اسلام آباد میں عمران خان کی سربراہی میں تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں مخدوم جاوید ہاشمی، شاہ محمود قریشی ، اسد عمر، جاوید ہاشمی ، شیریں مزاری اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے شرکت کی، اجلاس میں حکومت اور طالبان کی جانب سے مذاکراتی عمل کے لئے کمیٹیوں کے قیام اور طالبان کی مذاکراتی کمیٹی میں عمران خان کی نامزدگی کے حوالے سے امور پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد پارٹی کی جانب سے جاری کئے گئے 5 نکاتی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف عمران خان پر اعتماد کرنے پر طالبان کے شکرگزار ہیں لیکن پارٹی چیرمین حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کا حصہ نہیں بن سکتے تاہم خیبر پختونخوا حکومت کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ مذاکرات میں ہرممکن تعاون کرے، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف 4رکنی حکومتی کمیٹی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتی ہے جبکہ طالبان کی جانب سے مذاکراتی شوریٰ کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں کیونکہ تحریک انصاف اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ امن مذاکرات سے ہی بحال ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب جمعیت علماء اسلام کا اجلاس مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں منعقد ہوا اس میں مذاکرات کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا اور بعد میں مرکزی شوریٰ نے طالبان کی مذاکراتی کمیٹی میں شمولیت سے معذرت کر لی ہے۔ بعد میں اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ مذاکرات کیلئے ہم سے پہلے سے مشاورت نہیں کی گئی لیکن ہم پھر بھی دعا گو ہیں کہ مذاکرات کامیاب ہو جائیں ایک سوالکے جواب میں مولانا فضل الرحمن کاکہنا تھاکہ ایسے حالات میں مذاکرات کی کامیابی کا امکان بہت کم ہے۔

تحریک انصاف اور جمعیت علماء اسلام کے طالبان کی مذاکراتی کمیٹی میں شامل نہ ہونے کے اعلان کے بعد طالبان نے مرکزی شوریٰ کا اجلاس کل طلب کر لیا طالبان ذرائع کے مطابق کمیٹی کیلئے نئے ناموں پر غور کیا جائے گا کمیٹی نے حکومت کے نمائندوں اور اتحادیوں کو شامل کئے جانے کا امکان ہے ذرائع کے مطابق کمیٹی نے دو وفاقی وزراء اور ایک اتحادی محمود خان اچکزئی سمیت دو علماء کرام مفتی عبدالرحیم اور مفتی محمد نعیم کا نام بھی لیا جا رہا ہے۔ تاہم ان کا حتمی فیصلہ کل شوریٰ کے اجلاس میں کیا جائے گا ذرائع کے مطابق طالبان نے دو سیاسی جماعتوں کے دستبردار ہونے کے بعد قانونی ماہرین اور قبائلی عمائدین کے صلح مشورہ شروع کر دیا ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات