حکومت اور طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کا پہلا مشترکہ اجلاس کل اسلام آباد میں ہوگا

پیر 3 فروری 2014 17:22

حکومت اور طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کا پہلا مشترکہ اجلاس کل اسلام آباد ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3 فروری 2014ء) حکومت اور تحریک طالبان کی جانب سے مذاکرات کے لئے نامزد کردہ کمیٹیوں کا باضابطہ طور پر پہلا مشترکہ اجلاس کل دوپہر 2 بجے ہوگا۔ذرائع کے مطابق حکومتی کمیٹی کے رکن عرفان صدیقی اور طالبان کی کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق کے درمیان ٹیلی فونک رابطے میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس کل دوپہر 2بجے اسلام آباد میں ہوگا۔

مشترکہ اجلاس کے دوران دونوں کمیٹیوں کے درمیان رابطے اور مذاکرات سے متعلق آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔طالبان کی مذاکراتی کمیٹی میں جماعت اسلامی کے پروفیسر ابراہیم، جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مفتی کفایت اللہ، لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز اور تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان شامل ہیں تاہم تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے اجلاس میں عمران خان کی طالبان کی جانب سے اعلان کردہ کمیٹی میں نامزدگی مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ ہماری جانب سے حکومتی مذاکراتی کمیٹی میں رستم شاہ مہمند شامل ہیں ،دوسری جانب حکومتی کمیٹی میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی، سینیر صحافی رحیم اللہ یوسف زئی، میجر ریٹائرڈ عامر اور افغانستان میں پاکستان کے سابق سفیر رستم شاہ مہمند شامل ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ طالبان کی مذاکراتی کمیٹی میں ان کا اپنا کوئی نمائندہ شامل نہیں طالبان کے رہنما احسان اللہ احسان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ جیسی کمیٹی حکومت نے تشکیل دی ہے ہم نے بھی اسی طرح کی کمیٹی بنائی ہے اگر حکومت اپنے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی کا اعلان کرے گی تو ہم بھی مذاکرات کےلئے اپنے نمائندے سامنے لائیں گے۔

متعلقہ عنوان :