جدید ٹیکنالوجی سسٹم سے عوام کے مسائل بر وقت حل ہوں گے، شہرام خان ترکئی،سیاست کا مقصد عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کرنا ہے، تقریب سے خطاب

اتوار 2 فروری 2014 20:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 فروری ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ حکومت جدید ٹیکنالوجی کے تحت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ایسا سسٹم وضع کر رہی ہے جس کے ذریعے عوام کے مسائل بر وقت حل ہوں گے اور انہیں طویل انتظار کرنے اور دفاتر کے چکروں سے نجات ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ان کی سیاست کا مقصد عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور میں منعقدہ تین روزہ پشاورسوک ہیکاتھان پروگرام کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وائس چانسلر انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور سید امتیاز حسین گیلانی، ایم ڈی آئی ٹی بورڈ صدیق اللہ، ڈائریکٹر مارکیٹنگ شہناز شہوار، آئی ٹی ماہرین ، اساتذہ کرام اور متعلقہ افسران کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ تین روزہ پشاور سوک ہیکاتھان کا انعقاد انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ خیبر پختونخوا نے عالمی بینک اور کوڈ پاکستان کے تعاون سے کیا تھا اور اس میں نوجوانوں پر مشتمل21 ٹیموں نے حصہ لیا اور روزمرہ کے عوامی مسائل کے سلسلے میں ٹیکنالوجی کی بنیاد پر حل پیش کئے۔ شہرام خان نے آئی ٹی بورڈ ،والڈ بینک اور نوجوان ٹیموں کی طرف سے پشاور سوک ہیکاتھان کے کامیاب انعقاد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے منتظمین اور ماہرین کی انتھک محنت کو سراہا اور کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے نوجوان اپنی خداداد صلاحیتوں کے ذریعے میدان میں آئیں او ر ہم سب مل کر اپنے مشترکہ مسائل کا حل تلاش کریں۔

انہوں نے کہا کہ وہ بلا امتیاز عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور انتخابات کے دوران کئے گئے وعدوں کو ایک ایک کرکے پورا کریں گے۔ شہرام خان نے کہا کہ تبدیلی کا عمل شروع ہو چکا ہے اور اطلاعات تک رسائی،احتساب کمیشن اور خدمت تک رسائی کی جانب موجودہ حکومت کے عملی اقدامات تبدیلی کے واضح ثبوت ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ تبدیلی ہر آدمی نے خود سے شروع کرنی ہے۔

ماضی کی غلط پالیسیوں کے باعث اقرباء پروری اور بد عنوانی و رشوت ستانی نے معاشرے کو کھوکھلا کر دیا ہے لیکن اب ہم نے ان روایات کو جڑ سے ختم کرنے کا عزم کیا ہے اور عوام کی پائی پائی امانت کے طور پر عوام کے مفاد کیلئے استعمال میں لائی جائے گی۔انہوں نے مذکورہ پروگرام میں حصہ لینے والی ٹیموں کی معاونت اور حوصلہ افزائی کرانے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ہنرمند نوجوانوں کیلئے حکومت بہتر روزگار فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

تقریب سے وائس چانسلر انجینئرنگ یونیرسٹی پشاور نے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کی جانب سے ٹیکنالوجی کے ذریعے مسائل کے حل میں بھر پور مدد کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت کے منتظمین اور یونیورسٹیوں کے ماہرین تعلیم باہمی کاؤشوں سے مسائل کا حل بہتر طور پر نکال سکتے ہیں۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے ٹیموں میں اسناد اور سرٹیفیکیٹ بھی تقسیم کیئے۔

متعلقہ عنوان :