پنجاب حکومت کے بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار کیخلاف عدلیہ سے رجوع کر سکتے ہیں‘ اپوزیشن لیڈر،ہائیکورٹ کے احکامات کے مطابق ترمیمی بل منظور نہ کرانے کافیصلہ حکومت کی بدنیتی کی واضح مثال ہے‘ محمود الرشید

اتوار 2 فروری 2014 18:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 فروری ۔2014ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ پنجاب کے حکمرانوں کی بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار ان کی سیاسی ڈکٹیٹر شپ کا ثبوت ہے‘ حکومت شکست کے خوف سے بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار اختیارکر رہی ہے‘ دوبارہ بھی عدالت جانے کیلئے تیار ہیں‘ حکومت کا ہائیکورٹ کے احکامات کے مطابق ترمیمی بل منظور نہ کرانے کا فیصلہ ان کی بدنیتی کی سب سے بڑی مثال ہے‘ تحریک انصاف کی مقبولیت سے نااہل حکمرانوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں‘ طالبان سے مذاکرات کی کامیابی کیلئے حکمرانوں کا سنجیدہ ہونا ضروری ہے۔

اتوار کے روز اپنے دفتر میں میڈیا اور کارکنوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہا کہ جمہوریت کی بات کرنیوالے حکمران بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار اختیار کر کے سیاسی ڈکٹیٹر ہونے کا ثبوت دے رہے ہیں مگر ہم حکمرانوں کو بھاگنے نہیں دینگے انہیں ہر صورت بلدیاتی انتخابات کروانا ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب ہائیکورٹ نے حکومت نے جماعتی بنیادوں پر انتخابات کروانے اور الیکشن کمیشن سے حلقہ بندیوں کی ہدایت کی ہے تو حکمرانوں کا اس کے مطابق بلدیاتی ترمیمی بل اسمبلی میں نہ لانے کا فیصلہ بدنیتی پر مبنی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اپنی عوام دوست پالیسیوں کی وجہ سے ملک کی سب سے مقبول سیاسی جماعت بن چکی ہے اور جب بھی بلدیاتی انتخابات ہونگے حکمرانوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑیگا۔