حالیہ کامیابیوں کے بعد کھلاڑیوں کا مورال بلند ،ایشیاء کپ میں بنگلہ دیش بھی آسان حریف نہیں ہوگا ‘ مصباح الحق،ہماری ٹیم ایشیاء کپ کے دفاع کی پوری صلاحیت رکھتی ہے ،اس کے لئے ہمیں غیر معمولی کھیل پیش کرنا ہوگا ،ڈیو واٹمور کے ساتھ دو سال کا عرصہ بہت اچھا گزرا ،کئی کامیابیاں بھی سمیٹیں ،نئے کوچ کے تقرر بارے کوئی بات نہیں کرونگا، کپتان قومی کرکٹ ٹیم

اتوار 2 فروری 2014 18:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 فروری ۔2014ء) پاکستان کر کٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ حالیہ کامیابیوں کے بعد کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے لیکن ایشیاء کپ میں بنگلہ دیش بھی آسان حریف نہیں ہوگا ،ہماری ٹیم ایشیاء کپ کے دفاع کی پوری صلاحیت رکھتی ہے لیکن اس کے لئے ہمیں غیر معمولی کھیل پیش کرنا ہوگا ،ڈیو واٹمور کے ساتھ دو سال کا عرصہ بہت اچھا گزرا جس میں کئی کامیابیاں بھی سمیٹیں جہاں تک نئے کوچ کے تقرر کا سوال ہے تو اس بارے کوئی بات نہیں کروں گا ۔

اتوار کے روز نیشنل ویٹرن کرکٹ ٹورنا منٹ کی اختتامی تقریب میں بطو رمہمان خصوصی شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ویٹرن کرکٹ سے کھیل کے میدان آباد ہوں گے ، کر کٹ کے فروغ کے لئے اسی طرح کے ٹورنامنٹس ہونے چاہئیں اوریہ ایک بہت اچھا اقدام ہے، یہاں ڈومیسٹک کرکٹ میں بہت اچھے مقابلے دیکھنے کو ملے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ویٹرن کرکٹ کو دیکھ کر اندازہ ہو گیا کہ میں بھی ریٹائرہو نے کے بعد کر کٹ کھیل سکوں گا۔

انہوں نے ایشیاء کپ کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ٹیم نے حالیہ دنوں میں کامیابیاں سمیٹی ہیں جسکی وجہ سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے اور امید ہے کہ کھلاڑی اچھی پرفارمنس دیں گے ۔کسی بھی ٹیم کے لئے فتح بہت اہم ہوتی ہے، جیت کھلاڑیوں کے مورال کو بلند رکھتی ہے لیکن ہر میچ نیا میچ اور ہر سیریز نئی سیریز ہوتی ہے اور اس میں وہی کامیاب ہوتا ہے جو اچھا کھیلے، ہماری ٹیم ایشیا کپ کیدفاع کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔

گزشتہ ایونٹ کی طرح اس بار بھی ایشیا ء کپ بنگلہ دیش میں ہورہا ہے اور پاکستان کے علاوہ سری لنکا اور بھارت بھی وہاں کے موسمی حالات سے بہت اچھی طرح آشنا ہیں ۔سری لنکا اور بھارت کی بیٹنگ لائن اس کنڈیشن میں بہت بہترہوتی ہے جبکہ گزشتہ ٹورنامنٹ نے بنگلہ دیش نے نہ صرف سری لنکا اور بھار ت کو ہرایا بلکہ پاکستان کو ٹف ٹائم دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیو واکے ساتھ دو سال اچھا وقت گزرا ان سے بہت سی اچھی یا دیں وابستہ ہیں ، ان کے دور میں بہت سی اہم کامیا بیاں بھی ملیں ،خاص طو رپر انکی زیر نگرانی سری لنکا کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کے آخری میچ میں فتح یاد گار ہے ۔