Live Updates

تحریک انصاف کا ڈرون حملوں کیخلاف دھرنا،72روز مکمل ہو گئے،اتوار کو پی کے 10کے کارکنان نے دھرنا دیا،صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان کا دورہ

اتوار 2 فروری 2014 18:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 فروری ۔2014ء) تحریک انصاف کے زیر اہتمام ڈرون حملوں کیخلاف دھرنے کو 72روز مکمل ہو گئے ۔اتوار کو دھرنے کے 72ویں ر وز پی کے 10پشاور کے کارکنان نے دھرنا کیمپ میں ڈیوٹی دی ،اس موقع پر بابائے دھرنا فیاض خلیل بھی موجود رہے جبکہ صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان نے بھی کیمپ کا دورہ کیا۔اتحادی جماعتوں کے کارکنان بھی دھرنے میں شریک ہوئے ۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ وفاقی حکومت امریکہ سے یقین دہانی لے کہ امن کے قیام کیلئے مذاکراتی عمل کو آگے لیجانے کیلئے امریکہ سے ڈرون حملے بند کروانے کی یقین دہانی لے ۔انھوں نے کہا کہ امریکہ کی دوستی اور اس کیلئے فرنٹ لائن سٹیٹ بننے سے پاکستان کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ہمارے ہزاروں بیگناہ بہن بھائی اور بچے شہید ہوئے اور معذور ہو گئے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف وفاقی حکومت کی جانب سے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنائے جانے کی مکمل حمایت کرتی ہے اور صوبائی حکومت اس سلسلے میں وفاقی حکومت کیساتھ بھرپور تعاون کیلئے تیار ہے ۔انھوں نے کہا کہ امن کے قیام کا واحد راستہ مذاکرات ہی ہیں اور دشمن کی جانب سے مذاکرات کو ناکام بنانے کی کوششوں کا راستہ ابھی سے روکنا ہو گا۔رہنماؤں نے کہا کہ جب تک ڈرون حملے بند نہیں ہوتے ،دھرنا جاری رہیگا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات