بچوں کو بیماریوں سے محفوظ بنانے کیلئے ویکسین کی فراہمی پر خطیر رقم خرچ کی جارہی ہے‘ وزیر خزانہ پنجاب،حکومت نے دیہی علاقوں میں10 ارب 87 کروڑ سے واٹر فلٹریشن پلانٹس فراہم کئے ہیں ‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن

اتوار 2 فروری 2014 15:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 فروری ۔2014ء) وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن،خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت خصوصی طورپر دور دراز کے علاقوں میں بچوں کو بیماریوں سے محفوظ بنانے کے لئے حفاظتی ٹیکے لگانے اور ویکسین کی فراہمی پر خطیر رقم خرچ کر رہی ہے- انہوں نے کہا کہ صحت مند زندگی گزارنے کے لئے رویوں میں تبدیلی لائی جائے کیونکہ صحت کے چیلنجوں سے نمٹنا وقت کی ضرورت ہے، بالخصوص ترقی پذیر ممالک میں ان امراض پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ مسائل ہماری معیشت پر بوجھ کا باعث بن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں ترقیاتی سکیمیں شروع کرنے کے لئے 17 ارب روپے کی کثیر رقم فراہم کی ہے تاکہ ایسے منصوبوں کے ذریعے عوام کو علاج ومعالجہ کی معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں اور صحت کے لیے 102ارب روپے فراہم کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

پارٹی ورکرز کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ تقریبا60 فیصد بیماریاں گندے پانی کی وجہ سے جنم لیتی ہیں اور حکومت نے دیہی علاقوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹ 10 ارب 87 کروڑ روپے فراہم کئے ہیں تاکہ صاف پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے پھیلنے والی بیماریوں کو روکا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر 20 منٹ بعد ایک ماں دوران زچگی فوت ہو جاتی ہے اس طرح سال میں 15ہزار مائیں دوران زچگی زندگی ہار جاتی ہیں جبکہ دنیا میں 40 ہزار بچے پیدائش کے پہلے 30 دنوں میں فوت ہو جاتے ہیں جن میں سے 98 فیصد ترقی پذیر ممالک سے ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کم وسائل رکھنے والے لوگوں کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے 7ارب 50 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ نوزائیدہ بچوں کوطبی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی کے لیے 2ارب روپے مختص کئے ہیں۔ امراض گردہ میں مبتلاغریب مریضوں کو مفت ڈائیلاسسز کے لئے 30 کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں جبکہ ضلعی وتحصیل سطح پر بلامعاوضہ ادویات کی فراہمی کے لئے 50 کروڑ روپے کی رقم مہیا کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :